عظمیٰ نیوز ڈیسک
نئی دہلی//جسٹس سنجیو کھنہ ملک کے نئے چیف جسٹس آف انڈیا بن گئے ہیں۔ راشٹرپتی بھون میں پیر کو ہوئی ایک تقریب میں انہیں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔ حلف برداری کے ساتھ ہی جسٹس کھنہ 51ویں چیف جسٹس آف انڈیا بن گئے ہیں۔ ان کی مدت کار 13مئی 2025 تک یعنی تقریباً 6مہینے کی ہوگی۔چیف جسٹس آف انڈیا کے طور پر جسٹس سنجیو کھنہ کے نام کی سفارش جسٹس چندرچوڑ نے کی تھی۔ چندرچوڑ 10نومبر کو 65سال کی عمر میں اس عہدہ سے سبکدوش ہو گئے۔ 14مئی 1960کو پیدا ہوئے سنجیو کھنہ نے دہلی یونیورسٹی کے کیمپس لا سنٹر سے قانون کی پڑھائی کی ہے۔جنوری 2019سے سپریم کورٹ کے جج کے طور پر کام کر رہے جسٹس سنجیو کھنہ اس دوران کئی بڑے فیصلوں کا حصہ رہے ہیں۔ ان میں ای وی ایم شفافیت کو بنائے رکھنے، انتخابی بانڈ منصوبہ کو ختم کرنا، دفعہ 370کو منسوخ کرنا اور دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو عبوری ضمانت دینے جیسے فیصلے شامل ہیں۔سپریم کورٹ میں سینئریٹی ضابطہ کے مطابق جسٹس سنجیو کھنہ 11نومبر 2024سے 13مئی 2025تک سی جے آئی کے طور پر ملک کی سب سے اعلیٰ عدالت کی قیادت کریں گے۔ سپریم کورٹ میں 18جنوری 2019کو جج کے طور پر حلف لینے کے بعد سے اب تک تقریبا ً6سال کے دوران جسٹس کھنہ یہاں 456بنچ کا حصہ رہے اور 117فیصلے انہوں نے لکھے۔ دہلی کے ماڈرن اسکول، بارا کھمبہ روڈ سے اسکولی تعلیم پوری کرکے وہ 1980میں دہلی یونیورسٹی سے گریجویٹ ہوئے۔ پھر انہوں نے دہلی یونیورسٹی کے ہی کیمپس لا سینٹر یعنی سی ایل سی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔جسٹس سنجیو کھنہ ایک معزز خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور دہلی ہائی کورٹ کے سابق جج جسٹس دیو راج کھنہ کے بیٹے اور سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ایچ آر کھنہ کے بھتیجے ہیں۔ جسٹس سنجیو کھنہ کی پیدائش 14 مئی 1960 کو ہوئی۔ انہوں نے دہلی کے ماڈرن اسکول بارا کھمبہ روڈ سے اسکولی تعلیم پوری کی جبکہ 1980 میں دہلی یونیورسٹی سے گریجویٹ ہوئے۔ پھر دہلی یونیورسٹی کے ہی کیمپس لا سنٹر یعنی سی ایل سی سے انہوں نے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ وہ این اے ایل ایس اے کے ایگزیکٹیو صدر تھے۔ انہوں نے 1983 میں دہلی بار کاونسل میں ایک وکیل کے طور پر اندراج کرایا اور شروعات میں یہاں تیس ہزاری احاطہ میں ضلع عدالت میں اور بعد میں دہلی ہائی کورٹ میں پریکٹس کی۔
کانگریس صدر کھڑگے کی مبارکباد
یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے جسٹس سنجیو کھنہ کو ملک کے 51ویں چیف جسٹس بننے پر مبارکباد دی ہے۔ کھڑگے نے سوشل میڈیا پر جسٹس کھنہ کو اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا’’ہندوستان کے 51ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لینے پر جسٹس سنجیو کھنہ کو مبارکباد۔ چیف جسٹس آف انڈیا کا عہدہ وسیع توقعات سے بھرا ہوا ہے اور اسلئے بلاشبہ آپ کے کندھوں پر مزید بوجھ ڈالے گا‘‘۔انہوں نے کہا ’’ مجھے یقین ہے کہ آپ اپنے طویل اور ممتاز تجربے کی بدولت اس ذمہ داری کو نبھا سکیں گے اور عدلیہ کی بہترین خدمت کریں گے‘‘۔