نئی دہلی // جسٹس جگدیش سنگھ کھیہرنے سپریم کورٹ کے 44 ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔صدر پرنب مکھرجی نے صدارتی محل کے دربار ہال میں منعقدہ ایک باوقار تقریب میں 64 سالہ جسٹس کھیہر کو سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر نائب صدرحامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی اور قانون و انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد، وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور پارلیمانی امور کے وزیر اننت کمار سمیت کئی مرکزی کابینہ اور اہم لوگ موجود تھے ۔ جسٹس کھیہر نے جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی جگہ لی ہے جو اس عہدے پر ایک سال کی مدت کے بعد ریٹائرڈ ہوئے ۔جسٹس کھیھر تقریباً ساڑھے آٹھ ماہ تک اس عہدے پر کام کرنے کے بعد اسی سال 27 اگست کو ریٹائر ہوں گے ۔اس عہدے پر ان کی تقرری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا لیکن عدالت نے کل ہی اس سلسلے میں داخل ایک درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ اس سے پہلے بھی عدالت نے ایسی دو درخواستوں کو مسترد کیا تھا۔