سرینگر//جسٹس باوا سنگھ والیہ کو جموں وکشمیر ہائی کورٹ سے الوداع کرنے پر اُن کے اعزاز میں فُل کورٹ ریفرنس دیا گیا۔جسٹس باوا پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ تبدیل کئے گئے ہیں۔الوداعی تقریب ہائی کورٹ کی سرینگر شاخ میں چیف جسٹس کورٹ میں منعقد ہوئی ۔ اس موقعہ پر ریاستی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس بدر دریز احمد اور جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے جج صاحبان بھی موجود تھے۔سنیئر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل بشیر احمد ڈار نے جسٹس والیہ کے جوڈیشل کام کی کافی ستائش کی اور انصاف دلانے کے عمل میں اُن کے گہرے عزم کو کافی سراہا۔الوداعی خُطبہ میں جسٹس والیہ نے جموں وکشمیر بار کے ارکان کے عزم اور تندہی کی کافی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا بار اور بنچ اُن کی زندگی کا ایک انمول حصہ رہیں گے۔جسٹس والیہ نے چیف جسٹس، ہائی کورٹ کے جج صاحبان، رجسٹری کے افسروں، ریاست کے جوڈیشل افسروں اور ہائی کورٹ میں اُن کے ذاتی عملہ کی اُن کے عزم اور تندہی کے لئے سراہنا کی۔انہوں نے کہا کہ اُن کے لئے جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے ساتھ کام کرنا ایک عظیم موقعہ تھا۔انہوں نے فُل کورٹ ریفرنس میں وہاں موجود ہر ایک شخصیت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر ہائی کورٹ کے جوڈیشل ، انتظامی اور ای کورٹس گورننس مکمل ستائش کے مستحق ہیں۔