عظمیٰ نیوز سروس
جموں// صحت اور طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت معذور افراد کے معیار زندگی کو بلند اور بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا “حکومت اس سلسلے میں کام کر رہی ہے کہ جسمانی طور ناخیز افراد کے پنشن کو 1000 روپے سے بڑھا کر 3000 ماہانہ کر دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت خصوصی طور پر معذور افراد کو ضروری وسائل اور مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ وہ ایک آزاد، معیاری اور باوقار زندگی گزار سکیں۔انہوں نے معذور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم پر زور دیا تاکہ ان کی زندگی باوقار بنائی جا سکے۔ انہوں نے زور دے کر کہا “موجودہ نظام ہمیشہ سے معذور لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے اور بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ ہم انہیں ضروری وسائل، سازوسامان اور مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، تاکہ وہ بھی ایک باوقار زندگی گزار سکیں”۔سکینہ نے کہا”موجودہ عمر کی قیادت والی حکومت لوگوں کے تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے پرعزم ہے، خاص طور پر معذور کمیونٹی کے، ہم معذوری پنشن کو 1000 سے 3000 روپے ماہانہ بڑھانے پر کام کر رہے ہیں‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اضافہ خاندانوں پر مالی بوجھ کو کم کرے گا اور انہیں مالی مدد فراہم کرے گا۔ایک تقریب پر وزیر موصوف نے پسماندہ برادریوں بالخصوص معذور افراد پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اجتماع کو یقین دلایا کہ حکومت معذور برادری کی ضروریات کو ترجیح دیتی رہے گی، انہیں زیادہ سے زیادہ رسائی اور مدد فراہم کرنے کے منصوبوں کے ساتھ۔