جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا ہے کہ زرعی سیکٹر میں شروع کئے گئے اختراعی اقدامات اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے سے پیداوار اور پیداواریت میں اضافہ ہوا ہے اور یوں وزیر اعظم کے نظریے کے مطابق کسانوں کی اقتصادی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔نائب وزیر اعلیٰ آر ایس پورہ میں ڈی ایف پی ، محکمہ زراعت اور کرشی وگیان کیندر کی طرف سے منعقدہ ایک خصوصی پروگرام کے دوران خطاب کر رہے تھے جس دوران زرعی سیکٹر کی سکیموں کی عکاسی کی گئی اور کسانوں میں پردھان منتری فصل بیما یوجنا، پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا اور دیگر سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کی گئی تا کہ سال2022 تک کسانوں کی آمدن میں اضافہ کیا جاسکے۔ اس موقعہ پر پی ایچ ای، اری گیشن اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام چودھری، وائس چیئرمین کسان وکاس بورڈ ڈی ایس چِب، ایم ایل اے ر ایس پورہ ڈاکٹر گگن بھگت، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈائیریکٹوریٹ آف فیلڈ پبلسٹی ( ڈی ایف پی) آر پی ایس اروج، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈی ایف پی نیہا جلالی، جوائنٹ ڈائریکٹر زراعت اور دیگر سنیئر افسران بھی موجود تھے۔نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسانوں کو آگے آکر ان فلاحی سکیموں سے استفادہ کرنا چاہئے تا کہ فصلوں کی پیداوار بڑھنے کے ساتھ ساتھ روز گار کے وسائل بھی پیدا ہوسکیں۔ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہا کہ زرعی شعبیٔ میں وقت پر کسانوں تک جانکاری پہنچانے سے اس سیکٹر میں نمایاں تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے شام لال چودھری نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں کسانوں کی آمدن 2022 تک دوگنا کرنے کے لئے کوئی بھی دقیقہ فروگذاشت نہیں کر رہی ہے۔اس موقعہ پر متعلقہ محکموں کے کئی افسران نے بھی خطاب کیا اور اس طرح کے پروگراموں کی اہمیت اور افادیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔اس موقعہ پر نائب وزیر اعلیٰ نے کسانوں میں کسان کریڈیٹ کارڈ تقسیم کئے۔