عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اِقبال نے کل سیڈ ملٹی پلیکشن فارم (ایس ایم ایف) سنبل بانڈی پورہ کا دورہ کیا اور وہاں مختلف زرعی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اُنہوں نے فارم کے مختلف بلاکوں کا بھی معائینہ کیا جہاں اُنہیں متعلقہ تکنیکی ماہرین نے جانکاری دی۔اِس موقعہ پر چودھری محمداقبال نے متعلقہ افسران اور فارم منیجروں پر زور دیا کہ وہ کاشتکاروں اور زرعی ماہرین کو متعلقہ فارموں میں مدعو کریں اور ان کے ساتھ نمائشی سیشن منعقد کریں تاکہ جدید سائنسی ٹیکنالوجیوں کو نچلی سطح تک جامع انداز میں منتقل کیا جا سکے۔ڈائریکٹر زراعت نے خطاب کرتے ہوئے محکمانہ فارموں کی مکمل تبدیلی کے لئے محکمہ زراعت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ مختلف فصلوں اور زرعی سرگرمیوں کے حوالے سے محکمانہ فارموں کو سینٹر آف ایکسی لینس بنانے کے لئے طویل مدتی منصوبے پر کام کر رہا ہے۔