عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے بدھ کو آلو کے ترقیاتی فارم بوسیاں بارہمولہ کا دورہ کیا۔انہوں نے فارم کے مختلف بلاکوںکا معائنہ کیا اور اس سال فارم کی طرف سے اپنائے گئے مختلف جدید طریقوں کے بارے میں متعلقہ تکنیکی ماہرین سے بات چیت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمانہ فارم زرعی فصلوں کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام (بشمول آلو) کی نشوونما اور ان کی افزائش پر توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مناسب پیداوار اور تحفظ کی ٹیکنالوجی، فصل کے بعد کا انتظام اور اچھے معیار کے بیج کی پیداوار کچھ اہم شعبے ہیں۔انہوں نے فارم کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے کیلئے متعلقہ افسران کوہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے محکمہ فصلوں اور دیگر زرعی سرگرمیوں کے حوالے سے محکمانہ فارموں کو متنوع بنا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے پودے لگانے کے مواد کے معیار پر کسانوں کے اطمینان کے لحاظ سے اچھے نتائج حاصل کیے ہیں لیکن پھر بھی بہتری کی بڑی گنجائش موجود ہے‘۔دورے کے دوران ڈائریکٹر زراعت کے ہمراہ محکمہ کے کچھ سینئر افسران بھی تھے۔