سرینگر//فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر احمد شاہ نے مرحوم مولانا محمد فاروق ،مرحوم عبدالغنی لون اور شہدائے حول کو ان کی برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم ان شہداء کی پیش کی گئی قربانیوں کیلئے ان کے مقروض ہیں اور ان کے لواحقین ہمارے لئے باعث افتخار ہیں ۔اخباروں کے لئے جاری بیان میں شبیر احمد شاہ نے کہا کہ جموں کشمیر کے عوام ان شہداء کی قربانیوں کو کبھی بھی بھول نہیں سکتے اور نہ ہی ان قربانیوں کے ساتھ کسی کو کھلواڑ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ تحریک آزادی میں اُتار چڑھائو کوئی نئی بات نہیں ،البتہ تاریخ کے اوراق سے ہی ثابت ہے کہ جن قوموں نے دورانِ جدوجہد استقامت اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ،وہ غلامی کے قلادہ کو اپنی گردنوں سے نکال باہر کرنے میں کامیاب رہے ۔انھوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد حق و انصاف پراور دنیا ہمارے مطالبہ آزادی سے زیادہ دیر تک اپنی آنکھیں چرا نہیں سکتی اور دیر سویر متنازء ریاست کی تقدیر کا فیصلہ عوامی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کرنا ہوگا۔شبیر احمد شاہ نے تحریک آزادی کی جدوجہد کے دوران اور گزشتہ 27برسوں کے دوران سبھی شہداء کو خراج عقیدت ادا کیا۔