سرینگر//سوپور میں فورسز کے ساتھ جھڑپ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں بشارت احمد شیخ اور اعجاز احمد کو حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی، لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک ، فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ، نیشنل فرنٹ ترجمان، اتحاد المسلمین سربراہ مولانا محمد عباس انصاری، سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبربٹ، حریت (جے کے)، پیپلز لیگ چیئرمین غلام محمد خان سوپوری،دختران ملت ، ماس مومنٹ کی سربراہ فریدہ بہن جی نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ گیلانی نے بومئی سوپور کے بشارت احمد شیخ اور براٹھ کلان کے اعجاز احمد نامی ان دو نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے، جنہیں بھارتی فورسز نے سوپور میں شہید کیا ہے۔ گیلانی نے امید ظاہر کی کہ ہمارے ان لخت ہائے جگر کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی اور ہم عنقریب بھارت کے تسلط سے آزادی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ گیلانی نے لوگوں بالخصوص جوانوں سے یکسوئی اور یک رُخی اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم ان معصوم بچوں کی مقروض ہے، جو ہر دن اپنا گرم گرم لہو پیش کرتے ہیں اور جن کے ہر روز جنازے اٹھائے جاتے ہیں۔ ہم پر نماز اور روزے کی طرح فرض عائد ہوتا ہے کہ ہم ان قربانیوں کی حفاظت کریں اور لاج رکھیں اور حصول مقصد تک اس جدوجہد کو ہر قیمت پر اور ہر صورت میں جاری وساری رکھیں۔ادھر محمد یاسین ملک نے جموں وکشمیر کی تحریک آزادی کو مقدس قربانیوں سے ترتیب ایک بے مثال جدوجہد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس تحریک کو آگے بڑھاتے رہنے کیلئے اعلیٰ تعلیم یافتہ جوان اپنے گرم گرم لہو کی قربانی پیش کرنے میں منہمک ہوں اُسے دنیا کا کوئی جبر، ظلم ،تعدی،منفی پروپیگنڈا یا دھمکیاں ختم نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و جبر جتنا بڑھتا ہے اُس کا مٹ جانا اتنا ہی نزدیک ہوتا جاتا ہے ۔کشمیر میں جس بے ہنگم انداز میں ظلم و جبر کو تیز تر کیا گیا ہے اور جس طرح سے جوانوں کے لہو کو بہایا جارہا ہے وہ اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم سبھی مل کر اس ظلم کے خلاف ڈٹ جائیں اور ظلم و جبر کے خلاف اپنی مزاحمت کو جاری رکھیں۔ملک نے کہا کہ آج ایک جانب سے ظلم و جبر اور قتل و غارت گری کا سلسلہ تیز ہے تو دوسری جانب کشمیرکی تحریک آزادی اور مزاحمت پسندوں کے خلاف جھوٹا اور منفی پروپیگنڈا بھی تیز تر ہے۔شبیر احمد شاہ نے کہا کہ یہ سرفروش ایک ایسے مقصد کے لئے اپنی عزیزجانوںکا نذرانہ پیش کررہے ہیں ،جو ہمارے لئے ایک عقیدے کی حثییت رکھتا ہے ۔شبیر شاہ کی ہدایت پر وفد ، جس میں محمد ابراہیم ،محمد ثابت ،فاروق احمد اور عبدالوحید شامل تھے، بومئی اور براٹھ سوپور گیا جہاں انھوں نے لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔شبیر شاہ نے دونوں گھرانوں سے ٹیلی فون پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ نیشنل فرنٹ ترجمان نے کہا کہ متنازعہ خطے کے اندر انسانی خون کی ارزانی کا سلسلہ بھارت کے غیر دانشمندانہ طرز عمل و طرز فکر کی وجہ سے طویل ہوتا جارہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ اگر بھارت جاری خون خرابے کو روکنے میں سنجیدہ ہے تو اُسے کشمیر سے متعلق ہمالیائی حقائق تسلیم کرکے یہاں رہنے والے لوگوں کے حق خود ارادیت کو تسلیم کرلینا چاہئے تاکہ تنازعہ کے مستقل حل کی صورت نکل سکے۔ ترجمان نے کہا کہ بہادر نوجوان جو عسکریت کی راہ پر گامزن ہیں مزاحمت کی نئی تاریخ رقم کرنے میں مصروف ہیں کیونکہ وہ ایک بہت بڑی فوجی قوت کو چیلنج کررہے ہیں جس نے اُن کی قوم کو سبھی بین الاقوامی اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے غلام بنائے کھا ہے اور جو سبھی انسانی حقوق کو پائوں تلے روندھ رہا ہے۔مولانا محمد عباس انصاری نے رواں تحریک آزادی میں کشمیری عوام کی جانب سے پیش کی جارہی قربانیوں کو تحریک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان قربانیوں کی حفاظت اور ان کو ثمر آور بنانے کیلئے ضروری ہے کہ پوری قوم رواں تحریک کے ساتھ بھرپور وابستگی اور استقامت کا مظاہرہ کرے۔ مولانا عباس انصاری نے کہا کہ حکومتی سطح پر رواں تحریک آزادی کی سمت اور جہت تبدیل کرنے کیلئے جو مذموم کوششیں کی جا رہی ہیں ان کا صرف اسی صورت میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب ہم من حیث القوم فکری یکسوئی کے ساتھ اس نصب العین کے تئیں بھرپور وابستگی کا مظاہرہ کریں جس کیلئے شہدائے کشمیر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر پاک خون سے عبارت ہے اور عوام کی طرف سے دی جانے والی قربانیاں مزاحمتی تحریک کو جلا بخش رہی ہے اور عنقریب کشمیری عوام آزادی کی نعمت سے سرشار ہوجائیں گے۔ حریت(جے کے )کے کنوینر اور مسلم کانفرنس چیئرمین شبیر احمد ڈار ،محاذ آزادی صدر محمد اقبال میر، ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ر یشی ، انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو ، تحریک استقامت چیئرمین غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے کہا کہ قربانیوں کے طفیل ہی مسئلہ کشمیر دنیا کے ایوانوں میں گونج رہا ہے اور ان عظیم المرتبت فرزنداں کشمیر نے ایک عظیم مقصد کیلئے قربانیاں دیں اور انصاف کا تقاضا ہے کہ قوم ان قربانیوں کی لاج رکھے۔ غلام محمد خان سوپور ی اور نائب چیرمین سید محمد شفیع نے کہا کہ نوجوانوں کی قربانیاں لازوال ہے اور تحریک مزاحمت کے عظیم کاروان سفر کا ایک سنہری باب جس پر زندہ قومیں بجا طور پر فخر کرسکتی ہیں کیونکہ قوم کشمیر کے یہ باغیرت بیٹے اپنی عظیم قربانیوں سے جس عنوان آزادی کو رقم کر کرہے ہیں وہ بجا طور تحریک آزادی کا سرمایہ افتخار ہے ۔ اس دوران پیپلزلیگ کا ایک وفد جاں بحق جنگجو ئوںکے گھر گیا جہاں انہوں نے انہوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کی ۔فریدہ بہن جی نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ذمہ داری تمام تحریک پسند لیڈر شپ اور عوام پر ہے تاکہ ہم انکے اصل وارث ہونے کا ثبوت پیش کریں۔ فریدہ بہن جی نے کہا کہ شہدائے سوپور نے ایک مرتبہ پھراقتدار پر براجمان حکمرانوں کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنے موقف اور مقصد سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہونگے۔ دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہدہ نصرین نے کہا کہ عسکریت پسند آزادی کیلئے بھارتی قبضے کے خلاف لڑ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جنگجوئوں کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بھاری شرکت بھارت کیلئے چشم کشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 12جنگجوئوں کی فہرست جاری کر کے ان پرانعام رکھنے سے ہماری جائز جدوجہد کمزور اورجنگجوئوںں کے بلند حوصلے کمزورنہیں ہو نگے۔