نئی دہلی//سپریم کورٹ میں سی بی آئی کے خصوصی جج برج موہن لویا کی 2014 میں ہوئی موت کے معاملے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرنے والی دو عرضیوں پر سماعت ملتوی ہوگئی ہے۔عدالت نے معاملے کی اگلی سماعت کیلئے کوئی خصوصی تاریخ مقرر نہیں کی ہے۔ جمعرت کے روز عدالت عظمی میں یہ عرضیاں داخل کی گئی تھیں اور اگلے دن جسٹس ارون مشرا اور موہن ایم شانتن گودھر کو مختص کیا گیا جنہوں نے 15 جنوری تک عرضیوں پر سرکار کا جواب طلب کیا ہے۔ منگل کے روز سماعت اس لئے ملتوی ہوگئی کیونکہ جسٹس شانتن گودھر موجود نہیں تھے۔ آج کی سماعت میں مہاراشٹر سرکار کی طرف سے سینئر وکیل ہریش سالوے جواب داخل کرنے کے لئے پیش ہوئے ، انہوںنے عدالت کے سامنے مہربند لفافے میں لویا کی موت سے متعلق دستاویزات سامنے رکھے۔ دوججوں کی بینچ نے عرضی گزاروں کو دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت دی ۔ جسٹس مشرا نے بتایا کہ یہ معاملہ ایسا ہے جہاں وہ ہرچیز کو دیکھنا چاہیں گے۔معاملے میں عرضی گزار مہاراشٹر کے صحافی بی آر لون اور کانگریس لیڈر تحسین پونا والا ہیں۔ لون نے لویا کے مبینہ مشتبہ موت کے معاملے میں ایک منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنی عرضی میں پوناوالا نے جج کی موت کو قابل اعتراض ، مشتبہ اور متضاد بتایا ہے۔