جموں//وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران، اودہمپور، کٹھوعہ، ڈوڈہ ، کشتواڑ، رام بن اور ریاسی اضلاع کے ترقیاتی منظر ناموں کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں جنگلات کے وزیر چودھری لال سنگھ،وزراء مملکت سنیل کمار شرما اور اجے نندا کے علاوہ کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ اس دوران مرکزی وزیر نے بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے صوبائی کمشنر سے کہا کہ وہ ایک ایسا طرز عمل اختیار کریں جس کی بدولت تمام پروجیکٹوں کی متواتر نگرانی ممکن ہوسکے تا کہ ان پروجیکٹوں کو وقت پر مکمل کیا جاسکے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ پروجیکٹوں اور فلاحی پروگراموں کی عمل آوری میں حائل تمام رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہئے۔