لندن/پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ جب وہ بیٹنگ کے لیے گئے تو بہت تکلیف میں تھے۔فاسٹ بولرنے عما د وسیم کے ساتھ مل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔وہاب نے فریکچر ہاتھ کے ساتھ میچ میں شرکت کی۔میچ کے بعد وہاب ریاض نے کہا کہ جب میں بیٹنگ کے لیے گیا تو بہت تکلیف میں تھا، ہاتھ میں درد ہورہا تھا۔ میں نے اللہ کی طرف دیکھا اور کہا کہ اللّہ مجھے عزت دے سکتا ہے۔ اللّہ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ ہم میچ جیت گئے۔انہوں نے کہا کہ میں نے سب کچھ اللّہ پر چھوڑ دیا تھا وہی عزت اور ذلت دینے والا ہے، افغانستان کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ ٹیم انتظامیہ نے مجھ پر چھوڑ دیا تھا، میچ سے قبل مجھ سے پوچھا گیا کہ میں کتنی تکلیف برداشت کر سکتا ہوں۔پاکستان نے افغانستان کو شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی کی اْمید برقرار رکھی ہے۔ اب پاکستان کو اپنا اگلا میچ بنگلہ دیش سے لازمی جیتنا ہے جبکہ یہ بھی اْمید رکھنی ہے کہ انگلینڈ کم از کم اپنے دو میچوں میں سے ایک ضرور ہارے۔وہاب نے راشد خان کو مڈ وکٹ باؤنڈری کے اوپر سے شاندار چھکا مار کے پاکستان کے لیے ہدف مزید کم کر دیا تھا۔ عماد وسیم اپنی میچ وننگ کارکردگی پر بجا طور پر نازاں لیکن وہاب ریاض کی بیٹنگ کو کسی سے کم نہیں سمجھتے۔افسوس ہے کہ وہاب ریاض پر بہت زیادہ تنقید ہوئی تھی لیکن آج انہوں نے ٹوٹی ہوئی انگلی کے ساتھ جس طرح بیٹنگ کی اور اہم موقع پر جس طرح انہوں نے چھکا اور چوکا لگایا اس پر انہیں سیلوٹ پیش کیا جانا چاہیے۔وہاب ریاض نے کہا کہ وارم اپ بولنگ کے بعد میں نے کہا کہ میں میچ میں سو فیصد دینے کی کوشش کروں گا۔ فیلڈنگ اور بیٹنگ کے بارے میں میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ کپتان نے مجھے یقین دلانے کے لیے کہا کہ میں بولنگ میں سو فیصد دوں گا۔میں نے ہاں کہا تو پھر انہوں نے کہا چلو کھیلو جس نے میرے اعتماد میں اضافہ کیا۔