محمد تسکین
بانہال// حالیہ برفباری کے باعث بانہال کے درجنوں علاقوں میں تاحال بجلی، پانی اور سڑک رابطہ بحال نہیں ہو سکے ہیں جس کے نتیجے میں سینکڑوں افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔بانہال سے تقریباً نو کلومیٹر دور گوجر بستی نوکوٹ کے جبڑی علاقے میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہے اور یہ علاقہ آج بھی سڑک رابطے سے محروم ہے، جبکہ برفباری کے دس روز گزرنے کے باوجود بجلی اور پانی کی سپلائی معطل ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ جبڑی علاقے میں ابھی تک سڑک تعمیر نہیں کی گئی، جبکہ بجلی اور پینے کے پانی کا نظام گزشتہ دس روز سے بند پڑا ہے اور کہیں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ گوجر طبقے کو زندگی کے ہر شعبے میں نظر انداز کیا جا رہا ہے اور سرکاری ملازمین گوجر بستیوں کا رخ تک نہیں کرتے۔ برفباری کے باعث لوگوں کو بھاری برف میں پیدل سفر کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے رکنِ اسمبلی بانہال سجاد شاہین اور ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان سے اپیل کی ہے کہ وہ جبڑی نوکوٹ کے عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کریں۔اس دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئرلیڈر محمد سلیم بٹ اور بھاجپا کے گوجر لیڈر ارشاد احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرکاری دعووں کے باوجود گوجر بستی جبڑی کے لوگ بجلی کے بغیر ہیں اور لوگوں کو درپیش مشکلات حل نہیں کی جا رہی ہیں۔ محمد سلیم بٹ نے ڈپٹی کمشنر رام بن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بانہال کے جبڑی سمیت ضلع رامبن کے درجنوں علاقوں میں برفباری کے بعد عوام کو درپیش مشکلات کا جائزہ لیں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں اور لوگوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے۔