سرینگر//ڈیزاسٹر منیجمنٹ اورریلیف وباز آبادکاری کے وزیر جاوید مصطفی میر نے ایک میٹنگ کے دوران آنے والی شیوراتری تقریب کے سلسلے میں انتظامات کاجائزہ لیا ۔میٹنگ میں صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان کے علاوہ وادی کے مختلف اضلاع کے ترقیاتی کمشنروں اورمحکموں کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر وزیر موصوف کو تہوار کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کے بارے میں جانکاری دی گئی۔انہوںنے پنڈت برادری والے علاقوں میں تازہ مچھلیوں ،اخروٹ،شہد اور سبزیوں کی وافر مقدار میںدستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ پینے کے پانی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے پہلے ہی انتظاما ت کئے گئے ہیں اور ضرورت پڑنے ٹینکروں کے ذریعے بھی پینے کا پانی فراہم کیاجائے گا۔محکمہ باغبانی کے افسران نے بتایا کہ پنڈت برادری کے لئے اخروٹ کی اعلیٰ قسم دستیاب رکھی گئی ہے جبکہ تازہ سبزیاں اورندرو وغیرہ بھی دستیاب رکھے جارہے ہیں۔وزیر موصوف نے ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کو رکھنے کے لئے مارکیٹ چیکنگ کے عمل میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی۔اس دوران شیوراتری کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کی غرض سے ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ غلام محمد ڈار کی صدارت میں افسروں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔میٹنگ میں کمشنر موصوف نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرفوڈ کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں پنڈت برادری سے وابستہ کنبوں کو فی کس 5کلو اضافی چاول کے علاوہ مفت 1کلو کھانڈ اور1 کلو اخروٹ فراہم کریں۔انہوں نے فشریز محکمہ سے کہا کہ وہ پنڈت برادری والے علاقوں میں مچھلیوں کاوافر مقدار دستیاب رکھیں ۔