عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جل شکتی ، جنگلات اور ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا نےسول سیکرٹریٹ میں جموں اور کشمیر میں قبائلی ہوسٹلوں کے کام کاج کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں سیکرٹری قبائلی امور ، ڈائریکٹر قبائلی امور اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ وزیر موصوف نے ہوسٹلوں کے کام کاج کا تفصیلی جائیزہ لیا جس میں عملہ ، صفائی ستھرائی ، کھانے کی سہولیات ، ڈیجٹل کلاس رومز ، لائیبریریوں اور تفریحی مقامات پر زور دیا گیا تا کہ ہوسٹلوں میں قیام پذیر طالب علموں کیلئے تعلیمی اور تفریحی سہولیات کو فروغ دیا جا سکے ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت نے قبائلیوں کی بہتری کیلئے مختلف اسکیمیں شروع کی ہیں جن میں قبائلی علاقوں کے سماجی انفراسٹرکچر ، صحت ، تعلیم اور معاش میں اہم خلاء کو پورا کرنے کا تصور کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسکیموں کے نفاذ کیلئے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے تا کہ ہر کسی کو ان کے فوائد میسر ہو سکیں ۔ وزیر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ اضلاع میں جاری تعمیراتی کاموں کا معاملہ متعلقہ ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ اٹھائیں تا کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں۔ جاوید رانا نے تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال اور روزی روٹی کے مواقع پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے تمام قبائلی دیہاتوں تک دھرتی آبا مشن کی توسیع کا بھی جائیزہ لیا ۔ انہوں نے قبائلی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے چلائی جانے والی اسکیم کے نفاذ کا جائیزہ لیا اور اسکیم سے متعلق مختلف پہلوؤں اور ہدف کو حاصل کرنے کیلئے اس کے کامیاب نفاذ کیلئے دیگر طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ سیکرٹری قبائلی امور نے جموں اور کشمیر میں قبائلی ہوسٹلوں کے کام کے بارے میں بریفنگ دی ۔ انہوں نے یو ٹی کیپیکس بجٹ 2024-25 کے تحت جاری مختلف کاموں پر بھی روشنی ڈالی ۔ میٹنگ کے دوران قبائلی ہوسٹلوں اور ضلعی سطح پر دفاتر کو آسانی سے چلانے کیلئے انسانی وسائل کی ضرورت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال گیا ۔