جاوید اقبال
مینڈھر،//جموں و کشمیر کے وزیرِ کابینہ برائے جل شکتی، جنگلات، ماحولیاتیات و قبائلی امور جاوید احمد رانا نے مینڈھر نالہ پر تعمیر ہونے والے ڈاؤن اسٹریم پل تک پہنچنے والی رابطہ سڑکوں کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر محکمہ تعمیرات عامہ کے افسران، مقامی عوام اور سماجی شخصیات بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔یہ منصوبہ تین کروڑ انتالیس لاکھ بیس ہزار روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس کی ذمہ داری محکمہ تعمیرات عامہ کو سونپی گئی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ یہ پروجیکٹ علاقے کے لئے ایک اہم ترقیاتی سنگ میل ثابت ہوگا، کیونکہ اس کے مکمل ہونے سے نہ صرف مقامی لوگوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی بلکہ مینڈھری نالہ کے اطراف کے دیہات بھی بہتر طریقے سے جڑ جائیں گے۔جاوید احمد رانا نے ایگزیکٹیو انجینئر کو ہدایت دی کہ منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھایا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاحی منصوبوں میں شفافیت اور بروقت تکمیل پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور کسی بھی غیر ضروری تاخیر یا اخراجات کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا بنیادی مقصد دیہی و قبائلی علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا ہے تاکہ لوگوں کو بہتر سڑکیں، پینے کا صاف پانی، بجلی اور دیگر بنیادی سہولیات بروقت مل سکیں۔وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کی تکمیل نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرے گی بلکہ علاقے میں روزگار کے مواقع اور معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا، جو خطے کی مجموعی ترقی کے لئے اہم ثابت ہوگا۔