عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیربرائے جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے جموں و کشمیر کے ہر گھر کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے چھنی ہمت کے پنچ مندر میں ایک ٹیوب ویل کا اِفتتاح کیا۔ اِ س موقعہ پر رُکن قانون ساز اسمبلی چودھری وِکرم رندھاوا کے ساتھ دیگر اَفسران اور مقامی باشندے بھی موجود تھے۔جاویداحمد رانا نے کہا کہ ٹیوب ویل کی تعمیر سے علاقے میں پانی کی فراہمی میں ِاضافہ ہوگا اور رہائشیوں کو بہت زیادہ سہولیت اور آسانی ہوگی۔واضح رہے کہ وزیر موصوف نے حال ہی میںاِن ٹیوب ویلوںکے اِفتتاح کی ہدایت دی تھی جو فعال ہونے کے لئے تیار ہیں۔اُنہوں نے معیار کے سٹینڈرڈ پر عمل کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے سنجے نگر اور وہور کیمپ میں دیگر دو ٹیوب ویلوں پر زیر اِلتوأ کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لئے سخت کوششیں کرنے پر زور دیا۔چنی کے ٹیوب ویل میں 2.00 لاکھ گیلن پانی کی گنجائش ہوگی اور اِس سے 10 ہزار گیلن پانی فی گھنٹہ کا محفوظ اِخراج ہوگا۔یہ ٹیوب ویل چنی ہمت، سنجے نگر اور وہور کیمپ کے پانی کی کمی والے علاقوں میں پانی کی فراہمی کو بڑھانے کا حصہ ہے جس کے تحت 3 ٹیوب ویلوں کودیگر متعلقہ سول اورمیکنیکل اِنفراسٹرکچر کے ساتھ کھودنے کی تجویز دی گئی تھی۔ سنجے نگر اور وہور کیمپ میں دیگر ٹیوب ویلوں پر کام جاری ہے۔اِس سکیم کو یو ٹی کیپکس کے تحت 2022-23 ء میںنافذکی گئی تھی اور مارچ 2025 ء تک اسے مکمل طور پر شروع کیا جائے گی۔ منصوبے کی کُل تخمینہ لاگت 652.78 لاکھ روپے ہے۔رُکن قانون ساز اسمبلی چودھری وکرم رندھاوا اور مقامی باشندوں نے اِس پروجیکٹ کے لئے شکریہ اَدا کیا جس نے پینے کے صاف پانی تک رَسائی کو یقینی بنایا اور علاقے میں پانی کی قلت سے وابستہ مشکلات کو دورکیا ہے۔