عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر//وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ رہنے والے لوگوں کے لئے لازمی بنکروں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اُنہیں شیلنگ سے تحفظ فراہم کیا جا سکے۔اُنہوں نے کہا کہ لازمی بنکروں کی فراہمی لائن آف کنٹرول ( ایل او سی ) کے ساتھ اِن حساس علاقوں میں رہنے والے لوگوںکی حفاظت کو یقینی بنانے میں بہت مدد گار ثابت ہوں گے۔ وزیر موصوف نے مسلسل دوسرے دِن مینڈھر کے مختلف گولہ باری سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تاکہ املاک، جائیداد اور مویشیوں کو ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ اُنہوں نے متاثرہ کنبوںسے ملاقات کی اور اُن کے مسائل سنے۔اُنہوں نے نقصانات پر گہری تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے متاثرین کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن اِمدادکی یقین دہانی کی۔دورے کے بعد وزیرجاوید احمد رانا نے سب ڈویژنل اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں اُنہوں نے متاثرہ عوامی بنیادی ڈھانچے کی بحالی کے لئے تفصیلی منصوبہ بندی کی ہدایت دی۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ متاثرہ کنبوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور فوری طور پر ان کی مالی اِمداد کے اقدامات کئے جائیں تاکہ وہ اَپنی زِندگی کو دوبارہ معمول پر لا سکیں۔وزیر موصوف نے اَفسران پر زور دیا کہ وہ اعلیٰ ترین سطح کی عوامی خدمت کا مظاہرہ کریں اور مؤثر طریقے سے متاثرہ کمیونٹی کی بحالی کے لئے عملی اَقدامات کریں۔