سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے اراکین اور عہدیداروں کا ایک اہم اجلاس انجمن اوقاف کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی صدارت میں صدر دفتر پر منعقد ہوا۔اجلاس میں جامع مارکیٹ کے سرکردہ ذمہ داران اور عہدیداران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں جامع مسجد سرینگر کی دیکھ ریکھ،اس کے عظمت رفتہ کو بحال رکھنے، نئے حالات اور جدید تقاضوں کے مطابق ملت کے اس عظیم ورثے کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے حوالے سے کئی تجاویز کا گہرائی سے جائز ہ لیا گیا۔اجلاس میں ناگہانی آفات سے بچاﺅ، جامع مسجد کی سلامتی کیلئے غور و خوض، اندرونی و بیرونی سطح پر صفائی ستھرائی اور گرد و پیش کے ماحول کو پاک و صاف رکھنے ، محکمہ فائر برگیڈ اور ایمرجنسی سروسز، میونسپلٹی اور بجلی و پانی کا معقول انتظام رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیالات کیا گیا۔اس ضمن میں انجمن اوقاف کے ذمہ داروں نے متعلقہ محکموں کے ساتھ جو میٹنگیں کی ہیں اور انہوں نے جو مشورے دیئے ہیں ان پر فوری طور عمل آوری کیلئے غور و خوض کیا گیا۔ چنانچہ اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ مستقل طور پرآگ بجھانے والی گاڑی کا قیام، سی سی ٹی وی کیمرے اورفائر الارم نصب کرنے کیلئے فوری طور پر ماہرین سے ٹینڈر طلب کئے جائیں گے اور خدانخواستہ بجلی گرنے کی صورت میں lightning Protection کیلئے محکمہ بجلی اورمحکمہ آفات سماوی (Disaster Management)کے ساتھ رابطہ کرکے ان سے اس سلسلے میں رہنمائی حاصل کی جائیگی ۔اس مرحلے پر میرواعظ نے اوقاف کے اراکین اور عہدیداروں کو تلقین کی کہ وہ مرکزی جامع مسجد کی عظمت کو برقرار رکھنے اور اس کے تقدس اور اہمیت کو فروغ دینے کیلئے اپنی ذمہ داریوںکو احسن طریقے سے انجام دہی کی خاطر اپنے اپنے فرائض بخوبی انجام دیں تاکہ زائرین اور نمازیوںکو کسی قسم کی دقت اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اجلاس میں جامع مارکیٹ کے دکانداروں پر زور دیا گیا کہ وہ انجمن کے بقایا کرایہ جات فوری طور پر ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ضابطہ اور قواعد کے تحت کرایہ میں اضافے کے اصول پر پابندی سے عمل درآمد کریںتاکہ جامع مسجد کے مصارف و اخراجات پورے کرنے، مسجد پاک کی مزید تجدید و تزئین اور اس حوالے سے اوقاف کے مستقبل کے جو خاکے اور پروگرام ہےں ان کی تکمیل میں مدد مل سکے۔اس موقعہ پر جامع مارکیٹ کے عہدیداران نے صدر انجمن اور دیگر اراکین کو یقین دلایا کہ وہ ماضی کی طرح اس ضمن میں انجمن کو اپنا بھر پور تعاون اور اشتراک دیتے رہیں گے۔اجلاس میں یہ بات واضح کی گئی انجمن اوقاف کے آمد و خرچ کے حسابات کا حسب معمول ہر سال آڈٹ کیا جاتا ہے اور جامع مسجد کی دیکھ ریکھ ، انتظام و انصرام اور اندرونی محاذ پر جملہ معاملات کے اخراجات و مصارف کی تکمیل کیلئے کہ انجمن روز اول سے اپنی ذمہ داریاں پوری شفافیت کے ساتھ بخوبی طور پر انجام دے رہی ہے۔