سرینگر //میرواعظ منزل کے میڈیا سینٹرکی طرف سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق انجمن اوقاف جامع مسجد نے یہ اطلاع دی کہ متعلقہ پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار جامع مسجد نوہٹہ پہنچ گئے اور شام 5.30 بجے مسجد کے دروازوں پر تالے لگا دئے اوراانجمن کو مطلع کیا کہ ڈی سی سرینگر کے حکم کے مطابق جامع مسجد میں شب برات کے موقعہ پر نماز کی اجازت نہیں ہے۔انجمن نے حکام کے رویے کو حد درجہ افسوسناک اور آمرانہ قرار دیتے ہوئے اسے مذہبی معاملات میں صریح مداخلت قرار دیا اور اس کی مذمت کی۔اس سے قبل انجمن اوقاف جامع مسجدسرینگر نے بیان میں کہاتھاکہ خیر و برکت کی حامل شب برات کے موقعہ پر جامع مسجد میں نماز عشا ٹھیک 10 بجے ادا کی جائیگی۔اپنے ایک بیان میں انجمن نے میرواعظ عمر فاروق کی غیر مشروط رہائی کا اپنا مطالبہ دہرایا ہے تاکہ موصوف شب برات کی نورانی مجلس کی پیشوائی کرسکیں۔