جامع مسجد سرینگر پھر محاصرے میں ،نماز جمعہ کی ادائیگی پر قدغن

Kashmir Uzma News Desk
4 Min Read
 سرینگر//تاریخی جامع مسجدسرینگرکل ایک مرتبہ پھر فورسز محاصرے میں رہی جسکی وجہ یہاں نماز ِجمعہ ادا نہ ہوسکی ۔وادی میں شر انگیز سر گرمیوں کے خلاف مزاحمتی قیادت کی جانب سے دی گئی احتجاج کال کے پیش نظر شہر خاص میں کرفیو جیسی پابندیاں اور بندشیں عائد رہیں اور تاریخی جامع مسجد سرینگر ایک مرتبہ پھر فورسز محاصرے میں رہی جسکی وجہ سے یہاں نماز ِجمعہ ادا نہ ہوسکی اور نہ ہی کسی جا مع مسجد کی جانب جانے کی اجازت دی گئی ۔ جامع مسجدکو چاروں اطراف سے پولیس وفورسز نے جمعہ کی صبح محاصرے میں لیا اور اس تاریخی مسجد میں نما ز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی ۔معلوم ہوا ہے کہ کئی لوگوں نے جامع مسجد کی جانب جانے کی کوشش کی ،تاہم یہاں تعینات فورسزاہلکاروں نے اُنہیں مسجد کی جانب جانے کی اجازت نہیں دی ۔اس تاریخی مسجد کے اردگرد رہائش پذیر لوگوں نے بتایا کہ مسجد کے باہر جمعہ کو سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی جنہوں نے مسجد کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔سال رفتہ اور امسال بھی تاریخی جامع مسجد بیسیوں مرتبہ فورسز نرغے میں رہی ۔اس تاریخی جامع مسجد کے باب الداخلے کئی ہفتوں تک مقفل رکھے گئے اور ایک مرتبہ تاریخ دوہرائی گئی ۔
 

جامع مسجد کے ارد گرد پہرہ جارحانہ حربہ:حریت(ع)

سرینگر// حریت(ع)کے ترجمان نے ریاستی حکمرانوںکی جانب سے ایک بار پھر مرکزی جامع مسجد سرینگر کے ارد گرد پہرے بٹھائے جانے، کرفیو لگا کر نماز جمعہ کی ادائیگی پر روک لگانے کے ساتھ ساتھ  شہر خاص کے بیشتر علاقوںمیں بندشوں، قدغنوں کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے حکمرانوں کا فسطائی طرز عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکمران طبقہ یہاں کے عوام کی سیاسی آزادی سلب کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مذہبی آزادی کو بھی طاقت کے بل پر سلب کررہے ہیں اور مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر آئے روز کی پابندی ان جارحانہ حربوں کی ایک کڑی ہے۔ترجمان نے میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق کو اپنی رہائش گاہ میں نظر بند کرکے  ان کی جملہ دینی و سیاسی سرگرمیوں پر پابندی اور شہر کے بیشتر علاقوں میں کرفیو کا نفاذ کرکے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے وادی میں عورتوں کے بال کاٹنے کے شرمناک واقعات کیخلاف ریاست گیر احتجاج کو ناکام بنانے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر محاذ پر ناکام ریاستی حکمران آئے روز حریت چیرمین کو کسی نہ کسی بہانے نظر بند کرکے اور کشمیری عوام کے پر امن احتجاج پر قدغن عائد کررہے ہیں۔
 

امام حئی کا اظہار برہمی

سرینگر//امام حئی نے تاریخٰی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی لگانے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت اور انتظامیہ کا یہ اب رویہ بن گیا ہے کہ فرزندان توحید کو نماز کی ادائیگی سے روکا جائے۔ انہوںنے خواتین کی چوٹیاں کاٹنے والے واقعات پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے ملوثین کو بے نقاب کرنے میںحکومت کی ناکامی پر سخت برہمی کااظہار کیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *