یو این آئی
سرینگر//متحدہ مجلس علما نے تمام مساجد کے اماموں، علمائے کرام، مذہبی اداروں کے سربراہان اور عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعہ کے روز ’’نماز استسقا‘‘ کا اہتمام کریں اور خشک موسم سے نجات کے لیے اللہ تعالیٰ سے انفرادی اور اجتماعی طور پر دعا کریں۔
متحدہ مجلس علماء کے بیان میں کہا گیا ہے کہ خشک موسمی صورتحال کے پیش نظرعوام الناس سے اپیل کی جاتی ہیں کہ وہ جمعہ کے ’’نماز استسقا‘‘ کا اہتمام کریں۔بیان کے مطابق اس سلسلے جمعہ12 جنوری2024 کو جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ کے بعد نماز استسقاء کا انعقاد کیا جائے گا۔دریں اثنا متحدہ مجلس علماء نے ایسے عناصر کو جو جموں وکشمیر میں فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دینے اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کو زک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں کو سختی سے خبردارکیا ہے کہ وہ اس طرح کی ملت دشمن سرگرمیوں سے باز رہیں۔مجلس علما نے خبردار کیا ہے کہ جو لوگ اب بھی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول کو زک پہنچانے کی ذہنیت رکھتے ہیں اور اس طرح کے ماحول کو فروغ دے رہے ہیں انکا احتساب کیا جائیگا اور ان کو عوام کے سامنے بے نقاب کیا جائیگا۔