عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ضلع ترقیاتی کمشنر وکاس کنڈل نے ڈی سی دفتر کے کانفرنس ہال میں ضلع سطح کی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ضلع میں ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پلان (HADP) کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔اسٹیک ہولڈر محکموں کے افسران بشمول زراعت، باغبانی، حیوانات، بھیڑ پالنے، سیری کلچر، فشریز، فلوریکلچر وغیرہ نے مختلف اجزاء ، محکمانہ منظوریوں اور پروجیکٹ کی تعیناتیوں میں پروگرام کی رجسٹریشن کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی اپ ڈیٹ پیش کیا۔ ڈی ڈی سی، جو ضلع سطح کی کمیٹی (ڈی ایل سی) کے چیئرمین بھی ہیں، نے ضلع کے زراعت اور متعلقہ محکموں کے 29 منصوبوں کا جائزہ لیا۔ڈی سی نے اس بات پر زور دیا کہ ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پلان ایک پائیدار اور منافع بخش زرعی ماحولیاتی نظام کی تشکیل کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اس پروگرام کا مقصد کسانوں کو علم اور آلات کے ساتھ بااختیار بنانا ہے جو ان کی پیداواری صلاحیت اور منافع کو بڑھانے میں مدد کر سکتے ہیں جبکہ زراعت کے شعبے کی مجموعی ترقی میں بھی اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ڈی ڈی سی نے متعلقہ افسران کو کسان سمپرک ابھیان (کے ایس اے) کے دوران کسانوں میں بیداری کو بہتر بنانے کی ہدایت دی اور افسران پر بھی زور دیا کہ وہ مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کے لئے کام کو تیز کریں۔ڈی سی نے ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مخصوص اہداف کے حصول کے لیے واضح ٹائم لائنز مقرر کیں اور متعلقہ محکموں سے باقاعدہ پیش رفت رپورٹس کا مطالبہ کیا۔