عظمیٰ نیوز سروس
پلوامہ//ڈپٹی کمشنر پلوامہ ڈاکٹر بشارت قیوم نے پیر کو ایک اہم ضلعی سطح کی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی جس کا مقصد ہولیسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے مختلف اجزاء کے لیے فائدہ اٹھانے والوں کو حتمی شکل دینا تھا۔میٹنگ میں زراعت، ہارٹیکلچر پروڈکشن مارکیٹنگ کمیٹی اورانیمل ہسبنڈری محکموں کے تحت منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی سی نے انصاف اور اہلیت کو یقینی بنانے کے لیے معیار پر وضاحت طلب کی۔ اس جائزے میں محکمہ زراعت کے اندر وسیع پیمانے پر پروجیکٹس، بیجوں کی تقسیم، زعفران نرسری کی تخلیق، غیر ملکی سبزیوں کی ترویج، سبزیوں کے رقبے میں توسیع، شہد کی مکھیاں پالنا اور دیگر اہم اقدامات کا احاطہ کیا گیا۔محکمہ زراعت کے 26 منصوبوں کی جانچ پڑتال کی گئی جن کی کل سبسڈی 108 لاکھ روپے تھی۔ ڈی سی نے اہداف اور درخواستوں کے درمیان فرق کو کم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کئی منصوبوں کی منظوری دی۔