سرینگر//جامعیہ ملیہ اسلامیہ نئی دلی کے طلباء کے ایک گروپ نے یہاں وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ملاقات کی۔طلباء کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے انہیں وادی میں قیام کے دوران یہاں کی خوبصورتی اور لوگوں کی مہمان نوازی دیکھنے کی صلاح دی۔ اُنہوں نے طلباء کو مختلف یونیورسٹیوں کا دورہ کر کے طلباء کے ساتھ بات کرنے کیلئے بھی کہا۔ محبوبہ مفتی نے طلبا ء کو پُر کشش اور دلفریب بادام واری پارک کا دورہ کرنے کی بھی صلاح دی جہاں ان دنوں بادام ،آڑو اور گلاس کے درختوں پر شگوفے لگے ہوئے ہیں۔وزیر اعلیٰ نے وادی کے دورے پر آئے ہوئے مذکورہ طلباء کو کشمیر کے بارے میں چند ٹیلی ویژن چینلوں کی طرف سے پیش کی گئی تصاویر سے باہر نکلنے کے لئے کہا۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر ملک میں خواتین کے لئے سب سے پُر تحفظ جگہ ہے اور طلباء کو آئندہ بھی اپنے گھروالوں اور دوستوں کے ساتھ کشمیر آنے کیلئے کہا۔ڈین سٹوڈنٹس ویلفیئر پروفیسر تسنیم مینائی کے ہمراہ طلباء کا یہ گروپ وادی کے دورے پر ہے۔