یو این آئی
نئی دہلی//جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انتظامیہ گزشتہ کئی سالوں سے کیمپس میں میڈیکل کالج شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ اس کے متعلق ماضی میں کئی بار وزارت تعلیم کے پاس تجویز بھیجی جا چکی ہیں۔ اب ایک بار پھر سرگرمیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے وائس چانسلر پروفیسر مظہر آصف اور رجسٹرار پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی نے 27 مئی کو مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان سے ملاقات کی ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کی افسر اعلی،تعلقات عامہ پروفیسر صائمہ سعید کے مطابق دوران ملاقات شیخ الجامعہ اور مسجل، جامعہ ملیہ اسلامیہ نے ڈینٹسٹری میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام کے آغاز سے یونیورسٹی نے جو اہم پیش رفت کی ہے اس کے متعلق وزیرتعلیم کو بتایااور وزارت تعلیم کی مالی مددکیلئے ان کا شکریہ اداکیا۔ ڈینٹسٹری فیکلٹی کے استحکام کے تئیں ان کے عہد اور ان کی متواتر حوصلہ افزائی کیلئے انہوں نے دھرمیندر پردھان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔پروفیسر آصف اور پروفیسر رضوی نے جامعہ رہائشی کوچنگ کی شاندار کارکردگی کے متعلق بھی وزیر تعلیم کو بتایاکہ ہر سال جامعہ،آر سی اے میں تربیت یافتہ تیس سے زیادہ طلبہ موقر یوپی ایس سی سول سروسز امتحان میں بطور آئی اے ایس، آئی پی ایس،آڈت اینڈ اکانٹس سروسز،انڈین فارسیٹ سروسز منتخب ہوتے ہیں اوراس طرح ملک کی ترقی میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔ملاقات کے دوران جامعہ کی مالی حالت بھی بات چیت کا ایک اہم نکتہ تھا۔شیخ الجامعہ اور مسجل،جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اعلی تعلیم فینانسنگ ایجنسی(ایچ ای ایف اے)کے زیر اہتمام ترقیاتی پروجیکٹوں کی پیش رفت کا خاکہ بھی پیش کیا اور ان پروجیکٹوں کی غیر اطمینان بخش رفتار سے متعلق اپنی تشویش کا اظہار کیا۔تعلیمی افق کو وسیع ترکرنے کے عہد کو اجاگر کرتے ہوئے جامعہ میں نئے شعبوں کے قیام کی تجاویز بھی پیش کی گئیں وزیرتعلیم کے ساتھ بات چیت میں اس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔مزید برآں، جامعہ میں میڈیکل کالج کے قیام کے سلسلے میں ثمر آور بات چیت ہوئی جس کے لیے وزیر موصوف نے پورا تعاون دینے کی بات کہی اور تمام مطلوبہ مدد کی فراہمی کا یقین دلایا۔یونیورسٹی میں آئندہ منعقد ہونے والے جلسہ تقسیم اسناد کے سلسلے میں بات چیت کے ساتھ ملاقات اختتام پذیر ہوئی۔اس یادگار پروگرام میں بحیثیت مہمان خصوصی مدعو کیے جانے والے مندوبین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں، شیخ الجامعہ اور مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے اس سلسلے میں دھرمیندر پردھان سے ان کے تعاون اور مشوروں کی بھی درخواست کی۔ وزیر موصوف نے یونیورسٹی کی ترقی کو سراہا اور جامعہ کے موجودہ اور مستقبل کے اقدامات اورپہل کے لیے پروفیسرآصف اور پروفیسر رضوی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔اور جامعہ کے فعال و سرگرم تعلیمی ماحول کو قریب سے دیکھنے کے لیے مستقبل قریب میں جامعہ کا دورہ کرنے کا بھی وعدہ کیا۔