نئی دہلی//آئی اے ایس سمیت ملک کے مختلف مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کے لئے مشہور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رہائشی کوچنگ اکیڈمی اب ایس ایس سی، بی ایڈ اور ای ٹی ای جیسے امتحانات کے لئے بھی کوچنگ کرائے گی۔ ان مقابلہ جاتی امتحانات کے امیدواروں کے لئے چار ماہ تک روزانہ چار گھنٹے کی کوچنگ کا بندوبست ہوگا۔ اس کے لئے کل30 نشستوں کیلئے طلباء کا انتخاب ٹسٹ کی بنیاد پر ہو گا، جس میں کم از کم 100 پوائنٹس حاصل کرنے ہوں گے ۔ باقی 70 نشستیں انٹرنس اگزام میں حاصل ہونے والے مارکس پر مشتمل ہوگا ۔ جامعہ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بی ایڈ اور ای ٹی ای امتحانات کی تیاری کی کوچنگ کے لئے طلباء کا انتخاب صرف اہلیتی امتحان کی بنیاد پرہوگا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اقتصادی طور پر پسماندہ طلباء کو ڈھائی ہزار رو پئے ماہانہ اسکالر شپ دئے جائیں گے جبکہ 30فیصد سیٹیں لڑکیوں کے لیے مخصوص ہوں گی۔ آن لائن درخواستیں آج 27 اگست سے پُر کی جا سکتی ہیں۔ تحریری امتحانات، جنرل نالج اور ریزننگ ابلٹی، انگریزی کمپری ہینشن پر مشتمل ہوگا ۔ امتحانات 02 ستمبر، اتوار کو صبح 10 سے دوپہر 12بجے تک جامعہ ملیہ کے سید عابد حسین سینئر سکیندری اسکول میں منعقد ہوں گے ۔ درخواست فارم صرف جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ویب سائٹ (www.jmicoe.in)پر دستیاب ہے ۔درخواست کے لئے ، جامعہ کے رجسٹرار کے نام میں ایک سو روپے کا ڈرافٹ جمع کرنا ہو گا۔یو این آئی