اشتیاق ملک
ڈوڈہ //جموں و کشمیر کے معروف دینی و علمی ادارہ جامعہ غنیہ العلوم اخیار پور بھلیسہ کا عظیم الشان 43واں 3روزہ سالانہ جلسہ و دستار بندی کی پہلی نشست اتوار کو بعد نماز ظہر ادارہ کے سابق سربراہ غلام حسین گنائی کی صدارت و مہتمم جامعہ الحاج برہان الحق کی زیر سرپرستی و جموں و کشمیر کے معروف عالم دین شیخ الحدیث دارالعلوم سوپور مفتی مظفر قاسمی کے دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے شروع کیا گیا اور اس کے بعد مدرسہ ہذا کے طلباء نعت شریف، ترانہ غنیہ العلوم و قرآن و حدیث کی روشنی میں تقاریر کیں۔ سالانہ جلسہ کی تقریب میں وادی چناب کے کونہ کونہ سے آئے لوگوں کے علاوہ ممبر اسمبلی ڈوڈہ معراج ملک و انتظامیہ کے کئی افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر جموں و کشمیر کے معروف عالم دین و شیخ الحدیث دارالعلوم سوپور مفتی مظفر قاسمی نے اصلاح معاشرہ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بہترین معاشرے کی تعمیر قرآنی تعلیمات سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے پندرہ سو برس قبل سارا عرب و عجم جہالت میں مبتلا تھا لیکن حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ سلم پر قرآن مجید بطور نسخہ کیمیا نازل کیا گیا اور اس کے آتے ہی دنیا سے جہالت، بدعت و پریشانیوں کا خاتمہ ہوا۔انہوں قرآن کریم نے صحابہ کرام و اولیاء کرام کو پیدا کرکے رہتی دنیا کے لئے ایک مثال قائم کی۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں معاشرہ تباہی کے دہانے پر پہنچ رہا ہے اور باالخصوص نوجوان نسل بے راہ روی کا شکار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ایسی کتاب ہے جس میں اللہ تعالیٰ نے انسان کی ہر شعبہ میں رہنمائی کی ہے اور قرآن مجید سے ہی بہترین و برائیوں سے پاک و صاف معاشرہ کی تعمیر ممكن ہے۔انہوں نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ علماء کی قدر کریں اور ان کی رہبری میں قرآن کو بغور مطالعہ کریں اور اپنے اہل و عیال کی قرآنی تعلیمات کے مطابق تربیت کریں۔مفتی مظفر قاسمی نے مدارس کی اہمیت اور افادیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ دین کے قلعے ہیں جہاں سے امن و علم کے داعی تیار کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مدرسہ جامعہ غنیۃ العلوم اخیار پور کے بانی حضرت الحاج غلام قادر غنی پوری رحمت اللہ علیہ کی حیات و خدمات کو یاد کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا عوام الناس سے ان کے مشن کو آگے بڑھانے و اس ادارے کی مزید معاونت کرنے پر زور دیا۔پہلی نشست ان کے دعائیہ کلمات کے ساتھ ہی اختتام پذیر ہوئی۔