اشتیاق ملک
ڈوڈہ //وادی چناب کے معروف دینی و علمی ادارہ جامعہ غنیہ العلوم اخیار جکیاس بھلیسہ کا دو روزہ بیالیسواں سالانہ جلسہ و دستار بندی جموں و کشمیر کے معروف عالم دین مفتی محمد ایوب نقشبندی کے دعائیہ کلمات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔اس دوران تیرہ حفاظ، 5الموں، دو قراء کی دستار بندی و عالمیت سے فراغت حاصل کرنے والی چوبیس طالبات کی ردا پوشی کی گئی۔مہتمم مدرسہ الحاج برہان الحق کی زیر پرستی منعقد دو روزہ سالانہ اجلاس میں جموں و کشمیر و ملک کی دیگر ریاستوں سے آئے سرکردہ علماء کرام، سیاسی و سماجی شخصیات و وادی چناب کے کونہ کونہ سے بھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ان میں شاہی امام لدھیانہ پنجاب مولانا محمد عثمان رحمانی ،مفتی محمد ایوب نقشبندی کشمیر، مفتی غلام محی الدین اسلام آباد، مفتی عبدالرحیم خاکی راجوری، مفتی محمد صغیر جموں قابل ذکر ہیں۔دو روزہ سالانہ اجلاس میں جہاں مدرسہ ہذا کے طلباء نے تلات قرآن پاک، نعتیہ کلام و ترانہ غنیہ العلوم پیش کیا وہیں علماء کرام نے سیرت طیبہ و قرآن و حدیث کی روشنی میں تاریخ اسلام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مقررین نے کہا کہ معاشرتی برائیوں کا علاج قرآنی تعلیمات سے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پوری کائنات میں انسان کو اشرف المخلوقات کا درجہ دے کر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو عالم انسانیت کے لئے رحمت بنا کر بھیجا۔انہوں نے کہا کہ ایمان کی دولت وہ نعمت ہے جس کا کوئی بدل نہیں اور یہی وہ دولت ہے جو مخلوق کو اپنے خالق کے قریب کرتی ہے۔انہوں نے کہا اس پستی سے نکلنے کا راستہ عیش پرستی، دنیاداری و مغربی تہذیب اپنانے میں نہیں بلکہ اسلامی تعلیمات کے مطابق زندگی گذارنا ہے۔علماء و دیگر مقررین نے امت مسلمہ سے اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے احکامات، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اپنائے گئے طریقہ پر عمل پیرا رہ کر قرآن مجید کو اپنا دستور بنانے پر زور دیا تاکہ دین و دنیا کی کامیابی ممکن ہو سکے۔انہوں نے موجودہ عصرِ حاضر میں مدارس کی اہمیت و افادیت بیان کرتے ہوئے عوام الناس سے ان اداروں کی ہر ممکن معاونت کرنے و اپنے بچوں کی صیح تعلیم و تربیت کے لئے مدارس و مکاتب کے ساتھ جوڑنے کی اپیل کی۔ اس موقع پر مقررین نے مدرسہ ہذا کے بانی حضرت الحاج غلام قادر غنی پوری کو خراج پیش کرتے ہوئے ان کی علمی، دینی، تعلیمی، قلمی و سماجی خدمات کو یاد کیا. تقریب کے آخر پر تیرہ حفاظ، پانچ عالموں و دو قراء کی دستار بندی و چوبیس طالبات کی عالمیت سے فراغت حاصل کرنے پر ردا پوشی کی گئی اور جموں و کشمیر کے معروف عالم دین مفتی محمد ایوب نقشبندی کے اختتامی کلمات سے تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔مہتمم مدرسہ برہان الحق نے آئے ہوئے سبھی مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مفتی شبیر احمد قاسمی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ایم ایل اے ڈوڈہ معراج ملک، ڈی ڈی سی کونسلر گندنہ ایڈووکیٹ عاصم ہاشمی سمیت کئی دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھی اس تقریب میں حصہ لیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔