محتشم احتشام
پونچھ //جامعہ ضیاء العلوم ہائر سیکنڈری اسکول پونچھ میں ایک شاندار سائنس ایگزیبیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور سائنسی سوچ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے 40 سے زائد سائنس ماڈلز پیش کئے۔ اس نمائش میں مختلف جماعتوں کے طلباء نے ماحولیات، توانائی کے متبادل ذرائع، روبوٹکس، واٹر سائیکل، اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق ماڈلز پیش کئے جنہیں شرکاء نے بیحد سراہا۔تقریب میں چیف ایجوکیشن آفیسرپونچھ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر ریوینیو پونچھ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ انہوں نے طلباء کی محنت اور اسکول انتظامیہ کے تعلیمی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلباء میں تحقیق، جستجو اور علم کی نئی جہتوں کو اجاگر کرتی ہیں۔اس موقع پر مسٹر اجاز احمد، ٹیچر ایم ایس کوجرا نے جج کے طور پر شرکت کی اور طلبا کے کام کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر اسکول اس طرح کے سائنسی پروگرام منعقد کرے تو بچوں میں سائنسی رجحان پروان چڑھے گا اور وہ مستقبل کے بہترین سائنسدان بن کر اْبھریں گے۔نمائش کے دوران اعجاز احمد کی تعلیمی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ ان کی کارکردگی نہ صرف ڈائٹ پونچھ بلکہ اپنے اسکول میں بھی قابلِ تقلید مانی جاتی ہے۔ شرکاء نے ان کی لگن اور طلباء کے مستقبل سنوارنے کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ وہ اسی جذبے کے ساتھ آگے بھی کام کرتے رہیں۔یہ سائنسی نمائش نہ صرف طلبہ کے لئے سیکھنے کا بہترین موقع ثابت ہوئی بلکہ اس نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پونچھ میں تعلیمی ادارے جدید سائنسی تعلیم کے فروغ کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔