یو این آئی
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان آغا سید روح اللہ نے اسرائیل کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل خود کو مظلوم ظاہر کرتا ہے جبکہ حقیقت میں وہ ایک غنڈے کی طرح خودمختار ممالک پر بے دھڑک حملے کر رہا ہے۔سرینگر سے لوک سبھا کے ممبر آغا روح اللہ نے جمعہ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سلسلہ وار پوسٹوں میں کہا’’اسرائیل نے اب تک فلسطین، یمن، شام، لبنان اور ایران پر بمباری کی ہے اور پھر بھی مظلوم بننے کا ڈھونگ رچاتا ہے۔ یہ صہیونی ریاست خود کا دفاع نہیں کر رہی بلکہ جارحیت کی انتہا کر رہی ہے‘‘۔انہوں نے مزید کہا’’خودمختار ممالک پر من مانی بمباری کرنا طاقت کی علامت نہیں بلکہ دہشت گردی کی علامت ہے‘‘۔آغا روح اللہ نے ایران کے دفاع کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے کہا’’ایران کو ایک خودمختار ریاست ہونے کے ناطے، مکمل اور دردناک انتقام لینے کا پورا حق حاصل ہے۔صیہونی حکومت کو غزہ میں کیے گئے مظالم، قتل عام اور خونریزی کی قیمت چکانی پڑے گی‘‘۔انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب بھارت نوآبادیاتی پس منظر کے حامل ممالک کے درمیان مظلوموں کے حق میں کھڑا ہوتا تھا۔ جواہر لعل نہرو نے فلسطین کے لیے انصاف کی واضح حمایت کی تھی۔ اندرا گاندھی نے بھی اس روایت کو برقرار رکھا۔ آج کیا بدل گیا؟روح اللہ مہدی نے کہا’’غزہ کی صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی، بلکہ حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔ ایسے میں اقوام متحدہ میں قرارداد پر غیر حاضر رہنا بھارت کی اس تاریخی پوزیشن سے انحراف ہے جس پر ہمیں فخر تھا‘‘۔