عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
نئی دہلی /بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ آئی سی سی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں۔ 36 سالہ جے شاہ نے خاصی چھوٹی عمر میں اپنے آپ کو منوایا ہے۔ وہ کرکٹ کی دنیا میں نمایاں عہدے پر فائز کم عمر ترین شخصیت ہیں۔جے شاہ یکم دسمبر سے چیئرمین آئی سی سی کا منصب سنبھالیں گے۔ میڈیا پر جے شاہ کے معاوضے اور اثاثوں کی مالیت کی تفصیل سامنے آئی ہے۔جے شاہ کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 124 کروڑ بھارتی روپے ہے۔جے شاہ کرکٹ کے اداروں کے علاوہ ٹیمپل انٹرپرائز سے بھی آمدنی وصول کرتے ہیں۔ وہ اس کمپنی میں ڈائریکٹر ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ عہدیداروں کو تنخواہ کے بجائے یومیہ الاؤنس دیتا ہے۔ یہ الاؤنس 40تا 80ہزار روپے ہوتا ہے۔جے شاہ کو بیرونی دوروں کے 84ہزار روپے یومیہ الاؤنس دیا جاتا ہے۔ اندرونِ ملک سفر کے لئے 30ہزار روپے یومیہ الاؤنس دیا جاتا ہے۔ان کے اثاثوںمیں مزید اضافے کا قوی امکان ہے۔