دبئی / پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کی دفاعی چمپئن پشاورزلمی نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ثقلین مشتاق کو ٹورنامنٹ کے تیسرے ایڈیشن کے لیے اپنے کوچنگ اسٹاف میں شامل کرتے ہوئے اسپن بالنگ کنسلٹنٹ مقرر کردیا۔پشاور زلمی نے ڈیرن سیمی کی قیادت میں گزشتہ سال پی ایس ایل کا چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جس کے ہیڈ کوچ محمد اکرم ہیں۔اسپن بالنگ کے شعبے میں دوسرا گیند متعارف کرانے والے سابق عظیم بالر 18 فروری کو دبئی میں ٹیم میں شامل ہوں گے ۔یاد رہے کہ ثقلین مشتاق کو اسپن بالنگ کی کوچنگ کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور اس سے قبل انھوں نے انگلینڈ کی قومی ٹیم کے اسپن بالنگ کوچ کے طور پر کام کیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ساتھ کبھی کام نہیں کیا تھا۔پی ایس ایل کے تیسرے سیزن کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں ہوگا جہاں پشاور زلمی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرتے ہوئے افتتاحی میچ ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔دریں اثنا پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹیم کو دبئی میں جوائن کرلیا۔دبئی پہنچنے پر ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے اپنے آپ کو 'چاکلیٹ مین' قرار دیا۔انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ پی ایس ایل تھری کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں۔واضح رہے کہ پشاور زلمی کے صرف مقامی کھلاڑی دبئی پہنچے تھے تاہم ٹیم میں شامل بین الاقوامی کھلاڑیوں کو دو سے تین روز میں دبئی پہنچنا تھا۔