منڈی//مرکزی سکیم نیشنل رورل ہیلتھ مشن کے تحت کام کر رہے ملازمین نے اتوار کو منڈی میں محکمہ کے اعلیٰ افسران کے خلاف احتجاج کیا۔ ملازمین نے الزام لگایا کہ گزشتہ تین ماہ سے وہ بغیر کسی اجرت کے کام کررہے ہیں اور انہیں تنخواہیں نہیں ادا کی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی سرکار ملازمین سے کام لے رہی ہے مگر گزشتہ تین ماہ سے ان کی تنخواہیں بند پڑی ہیں ۔انہوںنے اعلیٰ افسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے جائز مطالبات پورے کرنے میں ناکام ہوچکے ہیںاور یہی وجہ ہے کہ اس وقت وادی کشمیر میں ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ملازمین کی تنظیم کے بلاک صدر رضا گنائی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ جلد از جلد ملازمین کی تنخواہ واگزار کرے تاکہ ملازمین کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کو تنخواہ نہ ملنے سے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ملازمین کو تنخواہ واگزار کیا کرے تاکہ ملازمین اپنی اور اپنے اہل و عیال کی ضروریات کو پورا کر سکیں۔ عنایت احمد نامی ملازم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت نیشنل ہیلتھ مشن سکیم کے تحت کام کر رہے ملازمین کے بارے میں غیر سنجید گی سے کام لے رہی ہے اور گزشتہ تین ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ملازمین کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جن میں ملازمین کے بچوں کی سکول فیس اور دوسرے ضروری لوزمات شامل ہیں۔ تمام ملازمین نے مرکزی اور ریاستی حکومت سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد ملازمین کی تنخواہیں واگزار کریں تاکہ ان کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔