نئی دہلی// کانگریس نے تین طلاق کے مسئلے پر سیاست نہ کرنے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان پر کہا کہ اس معاملے میں سیاست کرنے میں خود مودی 'چیمپئن' بن کر ابھرے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری غلام نبی آزاد نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں نامہ نگاروں کے سوالات پر کہا کہ یہ بیان دے کر مودي خود اس مسئلے پر سیاست کر رہے ہیں تاکہ یہ مسئلہ سرد نہ پڑنے پائے ۔ کانگریس سمیت کسی بھیاپوزیشن پارٹی نے کبھی بھی اس مسئلے کو نہیں چھیڑا ۔ انہوں نے اس پر محض اپنا ردعمل پیش کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حقیقت تو یہ ہے کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل اور اس کے بعد بھی آر ایس ایس اور بی جے پی نے سیاسی فائدے کیلئے باقاعدہ اسے ایک ایجنڈے کی طرح آگے بڑھایا ہے ۔ آزاد نے کہا کہ دوسروں کو نصیحت دینے کی بجائے مودي خود اور اپنی پارٹی کے لوگوں پر کنٹرول
رکھنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب یہ معاملہ عدالت میں زیر غور ہے اور مسلم معاشرہ اس پر غوروفکرکر رہا ہے تو بی جے پی کو مسلم خواتین کے درمیان اپنا نیا ووٹ بینک بنانے کی کوشش نہیں کرنی چاہئے ۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ تین طلاق کے سلسلے میں غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ چلتے پھرتے تین طلاق کو مسلم معاشرے میں مناسب نہیں سمجھا جاتا کیونکہ یہ قرآن کی تعلیمات سے ہم آہنگ نہیں ہے ۔ تین طلاق ایک طویل عمل کا متقاضی ہے ۔ستی پرتھا کی مثال دے کر انہوں نے کہا کہ ہر مذہب اور معاشرے کی برائیاں وقت کے ساتھ ختم ہو جاتی ہیں۔(یو این آئی)