سرینگر/دو خواتین سمیت دس افراد سنیچر کو تین الگ الگ سڑک حادثات کے نتیجے میں جاں بحق جبکہ مزید 34زخمی ہوگئے۔
یہ حادثات حکام کے مطابق اُدھمپور،کشتواڑ اور رامبن میں پیش آئے۔
اُدھمپور ضلع میں سرینگر کی طرف 40مسافروں کو لیکرآرہی ایک مسافر بس گہری کھائی میں جاگری۔ یہ حادثہ نصف شب کو پیش آیا۔
اس حادثے میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے جن میں محمد اقبال برکات اور منظور احمد ساکنان شوپیان ضلع، فاروق احمد اور آسیہ بشیر ساکنان بانڈی پورہ اور غلام احمد میر ساکنہ بارہمولہ ضلع شامل ہیں۔
اس حادثے میں مجموعی طور 31 افراد زخمی ہوگئے جن میںسے پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ایک اور سڑک حادثے میں مغل میدان کشتواڑ میں تین افراد جاں بحق اور مزید تین زخمی ہوگئے ۔
حکام کے مطابق اس گاڑی کو دادپیٹھ نامی علاقے میں حادثہ پیش آیا اور اس میں تین کی موت واقع ہوئی جبکہ تین زخمی ہوگئے۔
جاں بحق افراد کی شناخت غلام حسن ولد غلام محمد ساکنہ دادپیٹھ، بے بی ،دختر ایاز احمد ساکنہ دادپیٹھ اور جعفر حسین لون ساکنہ دادپیٹھ کے طور ہوئی ہے۔
زخمیوں کا علاج کشتواڑ اسپتال میں جاری ہے۔
گوردیو سنگھ ساکنہ جموںنامی ایک ڈرائیور اُس وقت جاں بحق ہوگیا جب اُس کی گاڑی ایک ٹرک سے ٹکرائی۔ یہ حادثہ رامبن علاقے میں پیش آیا۔