بانڈی پورہ //حاجن میں مسلح افراد کے ہاتھوںباپ کو چاقو سے شدید زخمی کرنے اور اسکے بیٹے کو اغوا کرنے کادوسرا واقعہ پیش آیا ہے۔بونی کھن حاجن میں نامعلوم مسلح افرادبدھ اور جمعرات کی درمیانی شب عبدالغفار بٹ کے گھر میں داخل ہو گئے اور اسکے 26سالہ بیٹے منظور احمد بٹ کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لینے لگے۔ اس موقعہ پر عبدالغفار بٹ نے بچنے کے لئے بھاگنے کی کوشش کی تاہم اسلحہ برداروں نے تیز دھار والے چاقو سے وار کر کے اسے شدید زخمی کردیا اور اس دوران کئی گولیاں بھی چلائیں ۔منظور احمد کو اپنے ساتھ لے کر نامعلوم افراد وہاں سے فرار ہوئے اور زخمی عبدالغفار کو وہیں چھوڑ دیا۔اسے شدید زخمی حالت میں صورہ سرینگر منتقل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عبدالغفار میونسپل کمیٹی حاجن میں ملازم ہے۔ حاجن میں رواں ہفتے کے دوران اغوا کاری اور چاقو سے وار کرنے کی یہ دوسری واردات ہے۔اس قبل نامعلوم مسلح افراد سوموار کو فاروق احمد پرے کے گھر میں داخل ہوئے تھے اور اس کے داماد منتظر احمد شیخ کو اغوا کرنے کے بعد مار ڈالا تھا ، جبکہ اسکی اہلیہ ،ساس اور بردار نسبتی کو چاقو کے وار سے شدید طور پر زخمی کیا تھا۔