جموں//خوراک ، شہر ی رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے تیل کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ رواں برس کے آخر تک پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت غریبی کی سطح سے نیچے گزر بسر کرنے والی خواتین کو 2.10 لاکھ گیس کنکشن فراہم کر نے کا ہدف پور ا کریں۔جموں میں ایک جائزہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ سکیم ریاست جموں وکشمیر میں شروع کرنے کے لئے مرکزی سرکار کی ستائش کی۔ انہوں نے سکیم کے تحت گیس کنکشنوں کی تقسیم کاری پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔اس موقعہ پر وزیر موصوف نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ مرکزی وزیر کے ساتھ ملاقات کی اور انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست کو سکیم کے تحت اضافی کوٹا بھی فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تقسیم کاری پی ایم یو وائی کے بنیادی اصولوں کے عین مطابق عمل میں لائی جانی چاہئے تاکہ مستحق لوگ ہی سکیم سے استفادہ کرسکیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اب تک تیل کمپنیوں نے 51مقامات کی نشاندہی کی ہے جہاں نئی گیس ایجنسیاں قائم کی جائیں گی ۔وزیر نے متعلقین پر زور دیا کہ وہ گیس کی ہوم ڈیلوری کو ایجنسیوں کے لئے لازمی بنائیں۔انہوںنے محکمہ ناپ تول کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گھریلو مقاصد کے لئے مختص گیس کو تجارتی مقاصد کے لئے استعمال میں نہ لایا جائے۔میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ امورصارفین و عوامی تقسیم کاری شفیق رینہ کے علاوہ محکمہ کے کچھ دیگر افسروں اور تیل کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔