بارہمولہ // شمالی قصبہ بارہمولہ میں سرسوں کے تیل کاکاربارکرنے والے ایک نجی کارخانہ دارکیخلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 20ہزارروپے کاجرمانہ عائدکردیا۔معلوم ہواکہ لیگل میٹرولوجی محکمہ بارہمولہ کی ایک ٹیم نے منگل کو بارہمولہ بازارمیں دستیاب ایک مخصوص برانڈکے سرسوںتیل کے ڈبوں کا وزن کم پایا۔ محکمہ کے ایک افسرنے اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ قصبہ بارہمولہ کے مختلف بازاروں میں دکانات پرفروخت کئے جانے والے تیل ِ سرسوں کے ڈبوں کاجب وزن کرایاگیاتوان کومقررہ وزن سے کم پایاگیا۔انہوں نے کہاکہ سرسوں کے تیل سے بھرے ٹین میں کم سے کم910گرام سے ایک لیٹرتک تیل خوردنی ہوناچاہئے لیکن ایک مقامی کارخانہ دارکے تیارکردہ تیل سرسوں کے ٹینوں میں 30سے35گرام کم تیل پایاگیا،اوراس طرح سے مذکورہ کارخانہ دارصارفین کیساتھ دھوکہ دہی کامرتکب پایا گیا۔ مذکورہ افسرکاکہناتھاکہ خلاف ورزی کے مرتکب کارخانہ دارکواسسٹنٹ کنٹرولرلیگل میٹرولوجی نے طلب کرکے اُسے پوچھ تاچھ کی تومذکورہ کارخانہ دارنے اپنی غلطی کااعتراف کرلیا،جسکے بعدسرسوں کے تیل سے بھرے کم وزنی ٹین فروخت کرنے والے کارخانہ دارپرمبلغ 20ہزارروپے کاجرمانہ عائدکیاگیا۔ادھر معلوم ہوا ہے کہ لیگل میٹرولوجی افسرسوپورنے بھی طبی آلات مہنگے داموں فروخت کرنے والے ڈیلرپر30ہزارروپے کاجرمانہ عائدکیا۔