جموں//خوراک، سول سپلائیز اور امور صارفین و اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے افسروں کی ایک میٹنگ کے دوران تیل خاکی کی سپلائی میں باقاعدگی ا ور معقولیت لانے کے لئے کئے جارہے انتظامات کا جائیزہ لیا۔وزیر موصوف نے تقسیم کاری کے عمل کا جائیزہ لیتے ہوئے متعلقین پر زور دیا کہ وہ سٹاکسٹس اور ریٹیلروں کو کوٹا دینے کا عمل آدھار کے ساتھ جوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹاکسٹس اور ریٹیلروں کی الوکیشن، بنک کھاتوں اور دیگر تفاصیل محکمہ کے ویب پورٹل پر ڈالی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ تمام سٹاکسٹس قواعد و ضوابط پورا کریں۔ذوالفقار علی نے تقسیم کاری کے عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کو تیل خاکی اُن کی ضروریات کے مطابق دیا جانا چاہئے تا کہ کالا بازاری پر قابو پایا جاسکے۔انہوں نے تیل خاکی کے تقسیم کاری نظام کو مزید شفاف اور موثر بنانے کی ضرورت کو بھی اجاگر کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے کشمیر نثار احمد وانی،ڈائریکٹر ایف سی ایس اینڈ سی اے جموں آر اے انقلابی اور کئی دیگر افسران بھی موجود تھے۔