عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ٹنل کے آر پار 3 دن تک بارشیں اور برفباری کے بعد سنیچر کو ابر آلود موسم کے درمیان دھوپ بھی نکل آئی۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 6مارچ تک موسم مجموعی طو رپر ابرآلود رہنے کے ساتھ ساتھ بیچ بیچ میں ہلکی بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سرینگر سمیت وادی کے میدانی علاقوں میں رات بھر کی وقفے وقفے سے ہلکی بارش ہوئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ آئی اور 6سے 14ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہوئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 2مارچ تک موسم مجموعی طو ر پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ ہلکی برفباری اور بارشیں ہونے کا امکان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 3مارچ کو ایک اور مغربی ہوا کے دائو کا سلسلہ جموں کشمیر میں اثر انداز ہورہا ہے جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر بارشوںاو ر برفباری ہونے کا امکان ہے ۔تازہ برفباری کے باعث تیسرے روز سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت دوبارہ بحال ہوئی تاہم مغل روڑ اور سرینگر لیہہ شاہراہ سمیت دیگر کچھ راستے ہنوز بند پڑے ہوئے ہیں۔ شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہونے کے بعد درجنوں مقامات پر سینکڑوں مسافر و مال بردار گاڑیاں درماندہ ہوئیں۔ سنیچر کی صبح موسم بہتر ہونے کے ساتھ ہی شاہراہ پر دوبارہ ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا ۔ٹریفک کو دوپہر ایک بجے کے قریب ہائی وے پر جانے کی اجازت دی گئی ۔محکمہ ٹریفک نے بتایا کہ شاہراہ بحال ہونے کے ساتھ ہی چھوٹی مسافر گاڑیوں کو جموں سے سرینگر اور سرینگر سے جموں کی جانب چلنے کی اجازت دی گئی ۔