محمد تسکین
بانہال// اتوار کی صبح قریب پانچ بجے سے رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں تیز بارشوں کا سلسلہ چند ایک گھنٹوں تک جاری رہنے کے بعد اگرچہ تھم گیا تھا تاہم تیز بارشوں کی وجہ سے رام بن اور بانہال کے درمیان قومی شاہراہ پتھروں اور پسیوں کی زد میں آنے کی وجہ سے تقریباً چھ گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد بحال کی گئی ۔رام بن کے کیفٹیریا موڑ ، مہاڑ ، کیلا موڑ ، ٹنل نمبر 2 سمیت شاہراہ کے متعددمقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کم از کم چھ گھنٹوں تک متاثر رہی اور اس دوران شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت بند کر دی گئی جبکہ ادہم پور اور قاضی گنڈ سے بھی ٹریفک کو آگے بڑھنے سے روک دیا گیا ۔ٹریفک پولیس حکام نے ٹریفک کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی صبح پانچ بجے سے قریب نو بجے تک رام بن بانہال میں تیز بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے صبح چھ بجے سے دن کے پونے بارہ بجے شاہراہ ٹریفک کیلئے بند رہی ۔ انہوں نے کہا کہ فورلین تعمیراتی کمپنیوں کی مشینری اور افرادی قوت کی مدد سے شاہراہ کی بحالی کے بعد معمول کا ٹریفک دوبارہ بحال کیا گیا ہے اور ٹریفک کی روانی کا یہ سلسلہ اتوار شام تک جاری تھا۔