سرینگر// نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیر کے سیاسی قیدیوں بشمول نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم خان کی غیر جمہوری قید و بند کو طول دینے کیلئے ہر حربہ آزما رہا ہے حالانکہ جملہ قیدی مختلف عارضوں میں مبتلاء ہوگئے ہیں اور اُن کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔بیان کے مطابق دلی کے تہاڑ جیل میں محبوس نعیم خان سمیت جملہ سیاسی قیدی مختلف عارضوں کے اندر مبتلاء ہیں اور اُنہیں مناسب طبی امداد سے محروم رکھا جارہا ہے۔انہوں نے بیان میں کہا کہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں کے حقوق پر بھی شبخون مارا جارہا ہے اور سلاخوں کے پیچھے اُن سے جوسلوک روا رکھا جارہا ہے اورا ُنہیں جس طرح کے حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، وہ ایک تشویشناک معاملہ بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر ایک جانب عدالتی کاروائیوں اور قانونی موشگافیوں کا سہارا لے کر کشمیری قیدیوں کی رہائی میں رکاوٹیںپیدا کی جارہی ہیں اور دوسری طرف پولیس اور سیول حکام مختلف بہانے تراش کر یہاں کے قیدیوں کی اسیری کو طول دے رہے ہیں۔ نیشنل فرنٹ نے عالمی سطح پر سرگرم حقوق بشر کی تنظیموں کی اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری قیدیوں کی فوری رہائی یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔