سرینگر//حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے تنازعہ کشمیر سے متعلق تہاڑ جیل میں نظربند قیدیوں کو مختلف حیلے بہانوں کے ذریعے ہراساں اور پریشان کرنے کی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈکراس (ICRC)کے جنوب ایشائی خطے کے سربراہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ قیدیوں کی حالت زار کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ان کی غیر قانونی، غیر اخلاقی اور غیرجمہوری نظربندی کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے اپنے اثرورسوخ کا استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی اس سب سے بڑی جیل میں ان سیاسی قیدیوں کے تسلیم شدہ اسٹیٹس(Status)کا کوئی احترام نہیں کیا جاتا ہے اور ان کے ساتھ جرائم پیشہ مجرموں سے بھی بدتر سلوک روا رکھا جارہا ہے جو نہ صرف انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے، بلکہ بین الاقوامی قوانین کا بھی کھلم کھلا انحراف ہے۔ان قیدیوں کے علاج ومعالجے کا بھی کوئی معقول انتظام دستیاب نہیں ہے اور انہیں حالات کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ وارڈ نمبر 12میں ڈاکٹر صاحبان ہفتوں، بلکہ مہینوں تک بھی نہیں آتے ہیں اور وہاں بیمار قیدیوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔