عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کی مشہور و معروف زیارت شاہدرہ شریف کو تھنہ منڈی اور راجوری سے ملانے والی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ اس سڑک پر چلنے والے ڈرائیوروں اور راہگیروں کا کہنا ہے کہ اس سڑک پر بلیک ٹاپنگ اور ضروری مرمت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ جگہ جگہ سے سڑک ٹوٹ پھوٹ کر کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس سڑک کی ضروری مرمت کی جائے اور اس پر بلیک ٹاپنگ کی جائے تاکہ یہاں آنے والے ہزاروں زائرین اور دیگر مسافروں کو کسی بھی طرح کی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ راہگیروں اور ڈرائیوروں کا صاف کہنا تھا کہ یہ اہم سڑک متعدد جگہوں سے کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے جہاں ان کی گاڑیاں چلانے میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔واضح رہے کہ مشہور ولی کامل حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ رحمتہ اللّٰہ علیہ کی اس زیارت پر پورے جموں و کشمیر کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے زائرین کی ایک بڑی تعداد یہاں حاضر ہو کر دلی مرادیں حاصل کرتے ہیں لیکن اس زیارت پر جانے والی خستہ حال سڑک سے زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر تھنہ منڈی اور شاہدرہ شریف کی عوام نے میڈیا کو بتایا کہ بلیک ٹاپنگ نہ ہونے سے یہ سڑک خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے۔ اس روڈ پر کئی ایک جگہوں پر کھڑے پڑے ہوئے ہیں جن میں پانی جمع ہو جاتا ہے جو عام مسافروں اور راہگیروں کے لئے پریشانیوں کا باعث بنا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں مذکورہ سڑک سے گزرتی ہیں، انہوں نے کہا کہ مذکورہ سڑک پر ضروری مرمت اور بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا جائے تاکہ یہاں آنے والے زائرین اور دیگر مسافروں کو راحت مل سکے۔ انھوں نے ضلع انتظامیہ اور تحصیل انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ پی ڈبلیو ڈی کے ذریعے اس روڈ کی ضروری مرمت اور بلیک ٹاپنگ کا کام جلد از جلد شروع کروایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات کا ازالہ ہو۔