عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // محکمہ پی ڈبلیو ڈی آر اینڈ بی کی نگرانی میں تھنہ منڈی۔شاہدرہ شریف سڑک کی مرمت اور ڈنگہ نالی کی تعمیراتی کارروائی سرعت کے ساتھ جاری ہے۔ اس اہم منصوبے کی نگرانی محکمہ کے فعال و متحرک جونیئر انجینئر ارشاد احمد خان کر رہے ہیں، جبکہ ورک سپروائزر کالا خان اور شبیر احمد بھی موقع پر موجود رہ کر امور کی دیکھ ریکھ کر رہے ہیں۔ جاری کام کا معائنہ کرتے ہوئے جے ای ارشاد احمد خان نے ملازمین کو ہدایت دی کہ سڑک کی مرمت کو بہتر اور معیاری انداز میں مکمل کریں تاکہ عوام کو دیرپا سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ ہر ذمہ داری نہایت دیانت و محنت کے ساتھ نبھائی جائے۔ ادھر اس منصوبے کے ٹھیکیدار شوکت احمد شال اور جاوید احمد شال نے میڈیا کو بتایا کہ یہ سڑک براہِ راست عظیم روحانی بزرگ بابا غلام شاہ بادشاہ رحمتہ اللہ علیہ کے دربار شاہدرہ شریف تک جاتی ہے، جسے بھرپور ذمہ داری اور دیانت داری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق تعمیراتی عمل میں کسی قسم کی کوتاہی کی گنجائش نہیں رکھی جا رہی اور کوشش ہے کہ منصوبہ جلد از جلد پائیہ تکمیل تک پہنچے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولت فراہم ہو سکے۔