عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی کے علاقے اسلام پور وارڈ نمبر 8 کے مکینوں نے بارش کے بعد بار بار آنے والی آبی آفت اور بڑے پیمانے پر مالی نقصانات کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے بی آر ائو اور ٹی بی اے کمپنی کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ احتجاج کرنے والے مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ تھنہ منڈی بازار، آرمی چیک پوسٹ اور ملحقہ علاقوں کا سارا بارشی پانی جان بوجھ کر ان کے رہائشی و تجارتی علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے معمولی بارش کے بعد بھی یہاں کے گھروں اور دکانوں میں پانی داخل ہو جاتا ہے۔مقامی دکانداروں نے شکوہ کیا کہ اس عمل سے انہیں بار بار مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بھی موسلا دھار بارش ہوتی ہے تو ان کی محنت سے کمائی گئی روزی روٹی پانی میں بہہ جاتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس تمام صورتحال کی ذمہ دار وہ تعمیراتی کمپنیاں ہیں جنہوں نے بغیر کسی منصوبہ بندی کے سڑکوں کی کھدائی اور نکاسی آب کے نظام کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔ مظاہرین نے تحصیل انتظامیہ سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لے اور متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دے کہ نکاسی آب کے لئے مناسب نالیاں تعمیر کی جائیں، پانی کے بہاؤ کا رخ صحیح سمت میں موڑا جائے اور کلوٹوں نالیوں اور حفاظتی باندھ کا بندوبست کیا جائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔ شہریوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کئی بار اس مسئلے پر صدائے احتجاج بلند کی، لیکن ہر بار ان کی بات کو نظرانداز کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھاکہ ’نہ کوئی سننے والا ہے، نہ کوئی پرسان حال‘‘۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر بروقت اقدامات نہ کئے گئے تو آئندہ وہ بڑے پیمانے پر احتجاج پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ ایجنسیوں اور انتظامیہ پر عائد ہوگی۔