نادہندگان کے خلاف مزید سخت اقدامات کرنے کا انتباہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سنیچر کے روز محکمہ بجلی (پی ڈی ڈی) کی جانب سے اعلیٰ حکام کی ہدایات پر تھنہ منڈی کے مین بازار میں بجلی بلوں کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے۔ اس مہم کی قیادت جونیئر انجینئر وقار احمد ڈار کر رہے ہیں جبکہ انسپکٹر تنویر بھٹی، انسپکٹر سجاد رسول، انسپکٹر اظہر میر، انسپکٹر قدیر مرزا، انسپکٹر عارف سمیال، انسپکٹر مدو خان اور لائن ایکٹر شبیر خان سمیت کئی دیگر ملازمین بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔ یہ خصوصی مہم چھڑونگ، بھیروٹ، راجدھانی، عظمت آباد، پرانہ تھنہ اور کالس کریوٹ سمیت سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں چلائی جا رہی ہے۔ تاہم سنیچر کے روز تھنہ منڈی کے مین بازار میں خصوصیت کے ساتھ اس مہم کو چلایا گیا۔ مہم کے دوران متعدد نادہندگان کے بجلی کنکشن منقطع کر دئیے گئے اور غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے جونیئر انجینئر وقار احمد ڈار، انسپکٹر تنویر بھٹی اور انسپکٹر سجاد چوہدری نے واضح کیا کہ نادہندگان کے خلاف کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ ’بجلی کے بھاری واجبات ادا نہ کرنے والوں اور غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر انتظامیہ کی جانب سے صارفین کو سہولت دیتے ہوئے بقایاجات قسطوں میں ادا کرنے کی رعایت دی گئی تھی، مگر کئی صارفین اس حکم عدولی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ اس صورتحال میں کارروائی ناگزیر ہو چکی ہے۔ محکمہ بجلی کے حکام نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر اپنے بجلی بلوں کی ادائیگی کریں تاکہ ان کی بجلی کی فراہمی میں کوئی خلل نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی لاپرواہی سے گریز کرتے ہوئے اپنے بقایاجات کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ محکمہ کے سینئر حکام نے انتباہ دیا ہے کہ آئندہ بھی نادہندگان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور کسی کو بھی غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ یہ مہم محکمہ بجلی کی جانب سے بجلی بلوں کی وصولی اور بجلی چوری کی روک تھام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا حصہ ہے۔ عوامی حلقوں میں اس مہم کے مثبت نتائج متوقع ہیں کیونکہ اس سے بجلی کی فراہمی میں تسلسل اور محکمہ کے مالی خسارے میں کمی واقع ہوگی۔