راجوری //راجوری پولیس نے شوپیاں ضلع سے تعلق رکھنے والے دو جنگجوئوں کو گرفتا رکرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاہے کہ تھنہ منڈی میں مختصر تصادم میں ان کی تحویل سے اسلحہ بھی برآمد ہواہے ۔راجوری میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ پیر کی صبح پولیس ، 72بٹالین سی آر پی ایف اور 38آر آر آرمی کی طرف سے مشترکہ طور پر راجوری دیرہ گلی سڑک پر تھنہ منڈی چوک میں ناکہ لگایاگیاجس دوران موٹرسائیکل پر سوار دو جنگجو نمودار ہوئے جنہیں رکنے کیلئے کہاگیاتاہم اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر انہوںنے موٹرسائیکل کی رفتار تیز کردی اور تعاقب کررہے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کی تاہم پولیس ، فوج اور سی آر پی ایف کے اہلکار وں نے ان پر قابو پالیا ۔انہوں نے بتایاکہ ناکہ پر تعینات اہلکاروں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر کئی کی جان بچالی کیونکہ یہ جنگجو کسی حملہ کے ارادے سے آئے ہوںگے ۔ ایس ایس پی نے بتایاکہ دونوں جنگجوئوں پر قابو پانے کے ساتھ ہی اطلاع ملنے پر ای ڈی پی ا و تھنہ منڈی افتخار طالب اور ایس ایچ او تھنہ منڈی نذیر احمد ڈار اپنی ٹیم کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور جنگجوئوں کوگرفتار کرکے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ ان کی تحویل سے ایک انسانس رائفل ،تین میگزین اور 49کارٹیج برآمد ہوئے جبکہ بابا غلام شاہ بادشاہ شاہدرہ شریف زیارت کے نزدیک پولیس پوسٹ پر تعینات اہلکاروں سے صبح کے اوقات میں نامعلوم افراد کی طر ف سے انسانس رائفل اور میگزین چوری کرلی گئی ۔انہوں نے کہاکہ چوری کئے گئے ہتھیار جنگجوئوں کی تحویل سے ملے ہیں ۔ایس ایس پی نے دعویٰ کیاکہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ دونوں جنگجوئوں نے حزب المجاہدین میں شمولیت کی اور وہ شمالی کشمیر میں سرگرم حزب کمانڈر ظہیر الاسلام کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہے۔پولیس کے مطابق گرفتار کئے گئے جنگجوئوں کی شناخت بائیس سالہ مختار احمد ولد عبدالاحد ڈار ساکن نیو کالونی صفانگری شوپیاں اور بائیس سالہ اعجاز احمد پرے ولد ثناء اللہ پرے ساکن کیشوا چترا گامہ شوپیاں کے طور پر ہوئی ہے اور دونوں ہی ملی ٹینسی میں ملوث ہیں جن کے خلاف پولیس تھانہ زینہ پورہ میں کیس بھی درج ہیں ۔پولیس نے بتایاکہ دونوں جنگجوئوں سے پوچھ تاچھ جاری ہے اور ان کے خلاف پولیس تھانہ تھنہ منڈی میں ایف آئی آر زیر نمبر97/2018زیر دفعات 307, 120-Bو دیگر متعلقہ دفعات کا کیس درج کیاگیاہے ۔