تھنہ منڈی // ایس ایچ او تھنہ منڈی نے بیوپارمنڈ ل اور گاڑی مالکان کے ساتھ الگ الگ میٹنگ منعقد کرکے قصبہ میں ٹریفک کے بہتر انتظامات فراہم کرنے کی یقین دہانی اور تعاون طلب کیا ۔ ایس ایچ او تھنہ منڈی انسپکٹر کرن چلوترہ نے کہا کہ اکثر قصبہ تھنہ منڈی میں ٹریفک جام رہتا ہے جس کی وجہ سے تاجر برادری متاثرہوتی ہے جبکہ راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسلئے سرکولر روڈ کو بھی ٹریفک کی آمدو رفت کے لئے جلد بحا ل کیا جاناچاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قصبہ تھنہ منڈی میں جن دکانداروں نے غیر قانونی تجاوزات بڑھائی ہوئی ہیں، انہیں دو روز کا وقت دیا جارہا ہے تاکہ وہ اپناسامان دکانوں کے اندر کرلیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر برادری کو چاہئے کہ وہ آس پڑوس کو صاف ستھرارکھنے میں بھی تعاون دیں تاکہ گرمیوں میں گندگی سے پیداہونے والی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تھنہ منڈی کے 36گاؤں دیہات کے ساتھ وہ برائے راست جڑ کرکے عوام کی مشکلات کے ازالہ کے لئے کام کرینگے ۔ اس موقعہ پر مقامی لوگوں نے کہاکہ تھنہ منڈی میں نوجوان نسل کا رجحان منشیات کی طرف بڑھ رہا ہے جس پر قابو پانے کے لئے سخت کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس پر ایس ایچ او نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو جیب خرچہ کے نام پر بے تحاشا پیسہ نہ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ والدین اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیںاور معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے رول ادا کریں۔اس دوران بیوپار منڈل اراکین اور گاڑی مالکان نے یقین دہانی دلائی کہ ان کی طرف سے پولیس انتظامیہ کو ہر طرح کا تعاون دیاجائے گا۔